چینی انٹیلی جنس کو حساس جانکاری دینے پر بھارتی صحافی گرفتار

362

نئی دہلی: دہلی پولیس نے بھارت کے مبصر، کالم نگار اور فری لانس جرنلسٹ راجیو شرما کو چینی انٹیلی جنس کو حساس معلومات دینے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

بھارتی نیوز ایجنسی کے مطابق دہلی پولیس کو راجیو شرما کے تحویل سے بھارتی وزارت دفاع سے متعلق اہم دستاویزات ملی ہیں۔ انہوں نے چین کی گلوبل ٹائمز نیوز ایجنسی کیلئے ایک مضمون بھی لکھا ہے۔

ڈپٹی کمشنر پولیس سنجیو کمار یادو کا کہنا ہے کہ راجیو شرما کو چینی انٹیلی جنس کو ملکی دفاع سے متعلق حساس جانکار دینے کے الزام میں دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے گرفتار کیا۔

راجیو شرما 6 دنوں کیلئے پولیس کی حراست میں ہیں جبکہ ان کی ضمانت عرضی پٹیالہ ہاؤس عدالت میں محفوظ کرلی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے جس کے بعد ہی مزید تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔