نیب ریفرنس بدنیتی پر مبنی، زبان بندی کیلئے شاہد خاقان عباسی کیخلاف کارروائی کی،سندھ ہائیکورٹ

728

کراچی:سندھ ہائی کورٹ نے شاہد خاقان عباسی سمیت تمام ملزمان کی ضمانت میں توثیق کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی موجودہ وفاقی حکومت پر کھلم کھلا تنقید کرتے ہیں،جس پر ان کیخلاف نیب ریفرنس  بنایا گیا، ان کیخلاف ریفرنس بنانے کا مقصد شاہد خاقان عباسی کی زبان بند کرانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  سندھ ہائیکورٹ نےسابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق کی تعیناتی سے متعلق ریفرنس کے خلاف دائر درخواست ضمانت پرتفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے،نجی ٹی وی کے مطابق تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ ضمانت قبل از گرفتاری میں یہ ثابت کرنا ہوتا ہے کہ تفتیش بدنیتی پر مبنی ہے۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ دیکھنے میں آتا ہے شاہد خاقان عباسی موجودہ وفاقی حکومت پر کھلم کھلا تنقید کرتے ہیں، ان کے خلاف پہلے بھی اسلام آباد میں ریفرنس دائر ہے جس میں 7ماہ جیل میں رہ چکے ہیں، اس بات کو مسترد نہیں کیا جا سکتا کہ نیب نے سیاسی دباؤ میں لانے کے لئے ریفرنس بنایا،ریفرنس بنانے کا مقصد شاہد خاقان عباسی کی زبان بند کرانا ہے۔

 فیصلے میں کہا گیا ہے کہ خواجہ برادران کے کیس میں سپریم کورٹ بھی یہ کہہ چکی ہے کہ نیب صرف یکطرفہ کارروائی کررہا ہے، عدالت نے نیب پراسکیوٹر اور تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ اکثریتی پارٹی کے خلاف اب تک کتنے ریفرنس فائل کئے جاچکے ہیں؟ لیکن نیب حکام اور پراسیکیوٹر اس سوال کا جواب نہیں دے سکتے ہیں۔

تحریری فیصلے میں ججز نے لکھا کہ نیب نے تفتیش میں اس وقت کے وفاقی حکومت کے سربراہ نواز شریف کو شامل نہیں کیا، دلچسپ بات ہے کہ ان الزامات کو ماتحت عدالت میں ریفرنس کا حصہ نہیں بنایا گیا۔