تدریسی اور غیر تدریسی عملے کے 88 اراکین میں کورونا کی تصدیق

624

کراچی(اسٹاف رپورٹر): ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے پرسندھ بھر میں 13 ہزار 500 تدریسی عملے کے کورونا وائرس ٹیسٹ کا مرحلہ مکمل کرلیا گیا۔

سندھ حکومت کے مطابق تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے پرسندھ بھر میں 13 ہزار 500 تدریسی عملے کے کورونا وائرس ٹیسٹ کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے جبکہ 2 ہزار 500 تدریسی و غیر تدریسی عملے کے ٹیسٹ کے نتائج محکمہ تعلیم کو موصول ہوئے ہیں۔

تدریسی اور غیر تدریسی عملے کے 88 اراکین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، یہ تناسب 2.5 فیصد بنتا ہے جبکہ 11 ہزار کورونا کے نتائج آنا باقی ہیں۔

وزیرتعلیم سندھ کا کہنا ہےکہ تدریسی عمل کو مرحلہ وار کھولنے کے فیصلے پر عملدرآمد یا نظر ثانی کا فیصلہ مزید کوویڈٹیسٹ کے نتائج آنے کے بعد کیا جائے گا۔

دوسری جانب وزیر تعلیم سندھ سعید غنی تعلیمی اداروں کی صورتحال اور کوویڈ 19ٹیسٹ کے متعلق تفصیلی بریفنگ آج 3بجے دیں گے۔

یاد رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والے 3 اسکولوں کو پہلے ہی سیل کیا جاچکا ہے۔

کورونا وائرس: پرائمری کلاسز کھولنے میں 1 ماہ کی توسیع کا امکان

کراچی: ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے کے بعد کورونا کیسز میں اضافے کے بعد میڈیا رپورٹس میں انکشاف ہوا ہے کہ محکمہ تعلیم جلد پرائمری کلاسز کھولنے کی تاریخ میں 1 ماہ کی توسیع کردے۔

میڈیا رپورٹس اور اطلاعات کے مطابق ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھولنےکے بعد کورونا وارس کیسز میں اضافے پر پرائمری کلاسز کھولنے کی تاریخ میں 1 ماہ توسیع کا امکان ہے جبکہ نرسری سے پانچویں تک کلاسزآئندہ کئی ماہ تک آن لائن پڑھانےپرغور کیاجارہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ تعلیم کےحکام کا کہنا ہے کہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی تجاویز پرفیصلہ کریں گے۔

دوسری جانب سندھ کی یونیورسٹیز اور اسکولوں میں اساتذہ سمیت طلباء میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے عندیہ دیا ہے کہ اگر محسوس ہوا کہ چیزیں درست سمت میں نہیں جارہیں تو اسکول بند کرنےمیں دیر نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں اسکولوں پرایس او پیز پر عمل درآمدنہیں ہورہا، گزشتہ روز اورنگی کے چار اسکولز سیل کیے ہیں تاہم بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے، ایسا لگ رہا ہے اسکولوں کو بند کرانا پڑے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ 2 روز کے دوران  کورونا وائرس کیسزمیں اضافہ ہو ہے جبکہ نیشنل کمانڈ اینڈ سینٹر( این سی او سی) کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مزید 13 تعلیمی ادارے بند کیےگئے ہیں، جن میں خیبرپختونخوا کے 10 اورسندھ کے 3 تعلیمی ادارے شامل ہیں۔