بھٹ شاہ، گرلزہائی اسکول کی چھوٹی اور خستہ دیوار سے طالبات غیر محفوظ

219

بھٹ شاہ (نمائندہ جسارت) بھٹ شاہ گرلز ہائی اسکول میں طالبات غیر محفوظ، صفائی نہ ہونے پر جنگل کا منظر، پینے کے پانی کا بھی فقدان۔ محکمہ تعلیم کے افسران کی نااہلی غفلت کی وجہ سے شیخ محلے میں قائم گرلز ہائی اسکول بھٹ شاہ کی کئی سو طالبات غیر محفوظ، اسکول کی پیچھے والی دیوار چھوٹی اور خستہ حال ہوگئی، دیوار کے ساتھ طالبات کے لیے واش روم بنے ہوئے ہیں، جس میں طالبات جانے سے گریز کرتی ہیں کیونکہ دیوار چھوٹی ہونے کے سبب گلی سے گزرنے والے غیر متعلقہ افراد کی نظر واش روم پر پڑتی ہے۔ اسکول کے اندر صفائی نہ ہونے پر جنگل کا منظر پیش کررہا ہے اور اکثر سانپ بچھو اور دیگر زہریلے جانور کلاسوں میں داخل ہوجاتے ہیں اور طالبات کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ طالبات کے لیے پینے کے پانی کا بھی فقدان ہے، لاکھوں روپے کی لاگت سے طالبات کے لیے نئے واش روم بنائے گئے تھے جو غیر محفوظ جگہ پر بننے کی وجہ سے طالبات واش روم میں جانے سے خوف محسوس کرتی ہیں اور پرانے واش روم استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ اسکول میں صرف ایک چوکیدار، ایک نائب قاصد مقرر ہے۔ اسکول کے اندر طالبات کے لیے سولر سسٹم کا بھی انتظام نہیں ہے۔ بجلی جانے پر طلبہ کا شدید گرمی میں برا حال ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اسکول کے پرانے کمرے اور دیواریں بھی خستہ حالی کا شکار ہیں، کسی بھی وقت جانی ومالی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ والدین اور شہریوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر تعلیم، چیف سیکرٹری سندھ، سیکرٹری تعلیم، کمشنر حیدر آباد، ڈائریکٹر گرلز ہائی اسکول حیدر آباد، ڈپٹی کمشنر مٹیاری سے مطالبہ کیا ہے کہ گرلز ہائی اسکول کی دیواروں کو بلند کرکے صفائی، پینے کے پانی، سولر سسٹم، واش روم کی سہولت طالبات کو فراہم کی جائے۔