وائس چانسلر جامعہ اُردو نے برطرف افراد کوبحال کردیا

231

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی جامعہ اردوکی وائس چانسلرروبینہ مشتاق نے چارج سنبھالتے ہی سابق وائس چانسلر کے دور میں ہٹائے جانے والے افراد کو عہدوں پر بحال کردیا ہے، پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق نے ڈاکٹر محمد صارم کو رجسٹرار،ڈپٹی ٹریژرار کی موت کا ذمے دار قرار دیے جانے والے دانش احسان کو ٹریثراراور جعلی طریقے سے کلرک سے گریڈ 18میں پہنچنے والے شرجیل نویدکو سیکرٹری وائس چانسلرجامعہ اردو تعینات کردیا ہے۔روبینہ مشتاق کے تعلیمی کیریئرمیں تمام اسناد سیکنڈ ڈویژن میں ہیں ور انٹر میڈیٹ تھرڈ ڈویژن میں پاس ہے،ان کی پی ایچ ڈی فزیالوجی میں ہے اور زولوجی میں 15سالہ تجربہ نہ ہونے اور مطلوبہ ریسرچ پیپرز نہ ہونے کے باوجود انہیں پہلے ضوابط کے بر خلاف پروفیسر بھرتی کیا گیا اور اب ان پر نوازشات کی بارش کرتے ہوئے وائس چانسلر مقرر کر دیا گیا ہے۔اس وقت وفاقی جامعہ اردو ایڈہاک ازم کا شکار ہے، جامعہ کی سینیٹ کی نا اہلی کے باعث مستقل وائس چانسلر کا انتخاب نہیں ہو پا رہا ہے،ڈاکٹر عارف زبیر کو 6ماہ کے لیے قائم مقام وائس چانسلر تعینات کر کے انہیں مستقل وائس چانسلر تعینات کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا تھا، انہوں نے اپنی مدت ملازمت کو طول دینے کی کوشش کی اور وہ نہ مستقل وائس چانسلر کے انتخاب کا ٹاسک پورا کر سکے اور نہ ہی سینیٹ کے ڈپٹی چیئر اور ممبران کے ذاتی ٹاسک پورا کر سکے تو انہیں معمولی چارجز لگا کر عہدے سے برطرف کر کے دوسری من پسند اور متنازع ترین تعلیمی و پیشہ ورانہ کیریئر کی حامل روبینہ مشتاق کو وائس چانسلر مقرر کر دیا گیا ہے۔