مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی، خاتون سمیت 4نوجوان شہید

213

سرینگر(آن لائن +مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نے ریاستی دہشت گردی کے دوران فائرنگ کرکے 4 نوجوانوں اور ایک خاتون کو شہید کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے سرینگر کے علاقے بٹامالو میں داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا اور گھر گھر تلاشی کے نام پر چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا جب کہ نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران 4 کشمیری نوجوانوں اور ایک 45 سالہ خاتون کو گولی ماردی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 4 شہادتوں کے بعد سیکڑوں کی تعداد میں مقامی باشندے احتجاج کرتے ہوئے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے، مشتعل شہریوں اور بھارتی دستوں کے مابین شدید جھڑپیں ہوئیں۔ عینی شایدین کے مطابق مظاہرین انتہائی مشتعل تھے اور انہوں نے بھارتی دستوں پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ مظاہرین ‘پاکستان زندہ باد‘ اور ‘ہم آزادی چاہتے ہیں‘ جیسے نعرے لگا تے رہے۔ مسلح فورسز نے ان کے خلاف آنسو گیس اورپیلٹ گنوں کا استعمال کیا۔پولیس کی طرف سے مظاہرین کو منشتر کرنے کی کوشش کے دوران کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کٹھی پتلی انتظامیہ نے علاقے میں انٹرنیٹ سروس کو معطل کردیا ہے۔