کراچی سمیت ملک بھر میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 26 تعلیمی ادارے بند

346

اسلام آباد،کراچی( اسٹاف رپورٹر،خبر ایجنسیاں )کراچی سمیت ملک بھر میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 26 تعلیمی ادارے بند۔تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا وائرس کے باعث ملک میں 22 تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے۔ ادارے 48 گھنٹے میں ایس او پیز اختیار نہ کرنے پر بند کیے گئے۔این سی او سی کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پرکورونا وائرس وبا تعلیمی اداروں میں پھیلی۔کمانڈ سینٹر کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ 16 تعلیمی ادارے خیبر پختونخوا میں بند کیے گئے، آزاد کشمیر میں 5 اور اسلام آباد میں 1 ادارہ بند کیا گیا۔علاوہ ازیںوزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر ویسٹ نے اورنگی ٹائون میں 4نجی اسکولوں کو ایس او پیز کی خلاف ورزی اور اسکولوں میں پری پرائمری اور پرائمری کے بچوں کو تعلیم دینے کے حکومتی احکامات کے خلاف اسکول کھولنے پر ان تمام اسکولوں کو سیل کردیا ہے جبکہ ان کے خلاف ایس او پیز کی خلاف ورزی کا مقدمہ بھی درج کرلیا ہے۔ دوسری جانب اپنے فرائض سے غفلت بڑتنے پر صوبائی وزیر تعلیم نے ایجوکیشن ٹائون آفیسر اورنگی ٹائون میٹھا خان کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔ وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے صبح سویرے ہی شہر کے مختلف علاقوں کے تعلیمی اداروں کا اچانک دورہ کیا اور ڈسٹرکٹ ویسٹ کے 4 اسکولز جن میں فیض پبلک اکیڈمی اورنگی ٹائون، بیسٹ وے گرامر اسکول اورنگی ٹائون، الائیڈ اسکول اورنگی ٹائون ساڑھے گیارہ نمبر کیمپس اورحاجرہ میموریل ہائی اسکول کے دورے میں ایس او پیز کے برخلاف پری پرائمری اور پرائمری کے بچوں کی تعلیم شروع کردینے پر ان کو سیل کرنے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کے احکامات صادر کیے۔ صوبائی وزیر کے ڈپٹی کمشنر ویسٹ اور ڈی جی پرائیوٹ اسکولز منصوب صدیقی کو ہدایات دی کہ فوری طور پر ان اسکولوں کو سیل کرکے ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوںنے ڈی سی ویسٹ اور ڈی جی پرائیوٹ اسکولز کو احکامات دیے کہ وہ ڈسٹرکٹ ویسٹ میں قائم تمام چھوٹے اور بڑے اسکولوں کو دورہ کریں اور جہاں جہاں حکومتی احکامات کے برخلاف کوئی عمل کیا جارہا ہو تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں۔ صوبائی وزیر نے گارڈن ویسٹ میں قائم ایڈن گرامر اسکول، اورنگی ٹائون میں قائم کے ایم سی گورنمنٹ بوائز اینڈ گرلز پرائمری و سیکنڈری اسکول، ٹی سی ایف اسکول، گورنمنٹ گرلز اسکول اورنگی ٹائون نمبر ۹، ابراہیم علی بھائی گورنمنٹ بوائز اینڈ گرلز اسکول اورنگی ٹائون نمبر ۵، گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج سیکٹر ساڑھے گیارہ، گورنمنٹ عبداللہ گرلز کالج، نارتھ ناظم آباد سمیت متعدد سرکاری و نجی اسکولوں کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے متعلقہ ڈسٹرکٹ کے ڈی اوز، ای ٹی اوز سمیت دیگر افسران سے رابطہ کیا اور ان سے ان کی اپنی ڈسٹرکٹ کی سرگرمیوں کے حوالے سے بازپرس کی۔ ای ٹی او اورنگی ٹائون میٹھا خان کی جانب سے خاطر خواہ جواب نہ ملنے اور ان کا احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے کی پاداش میں صوبائی وزیر نے سیکرٹری تعلیم سندھ کو میٹھا خان کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والوں اور سرکاری احکامات کے برخلاف کام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ جو اساتذہ اور افسران کوتاہی کے مرتکب ہوئے ان کے خلاف بھی سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوںنے کہا کہ ہم بچوں کی صحت پر کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کریں گے اور ساتھ ساتھ میں ایک بار پھر والدین سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنے بچوں کو مکمل ایس او پیز کے تحت تعلیمی اداروں میں بھیجیں