اپوزیشن کے بعض رہنمامیثاق مفاہمت پر عمل پیرا ہیں، حافظ حسین احمد

187

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)جمعیت علما اسلام کے مرکزی ترجمان و سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے بعض رہنمائوں کے بیانیے اور عمل میں فرق ہے، ان کے رہنما میثاق جمہوریت کے بجائے میثاق مفاہمت کی پالیسی پر عمل پیراہیں،اے پی سی میںن لیگ،پی پی سمیت تمام اپوزیشن کوروایتی انداز سے ہٹ کر فیصلے کرنے ہونگے۔ جامعہ مطلع العلوم میں مختلف وفود اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ حکومت دھاندلی کے ذریعے قوم پر مسلط کی گئی ہے ،جے یو آئی کی طرح اگر اپوزیشن کی تمام جماعتیں میدان میں نکلتیں تو آج حالات مختلف ہوتے، اگراپوزیشن جماعتیں کسی متفقہ لائحہ عمل پر متفق نہیں ہوں گی تو حکومت کا یہ کہنا بجا ہوگا کہ انہیں کوئی خطرہ نہیں ،ان ہاؤس تبدیلی کا مطلب اس اسمبلی کو جائز قرار دینا ہوگا ، درحقیقت ان ہاؤس تبدیلی کی باتیں اپوزیشن جماعتوں کے اپنے ہی بیانیے کے منافی ہے، حافظ حسین احمد نے کہا کہ ہم توقع کرسکتے ہیں کہ اس بار کل جماعتی کانفرنس بارآور ثابت ہوگی تاکہ مسلط کی گئی حکومت کو گھر بھیجا جاسکے۔