بھارت: کشی ڈوبنے سے 8 اور آسمانی بجلی سے 28 ہلاکتیں

398
جے پور: حادثے کا شکار ہونے والی کشتی کے مسافروں کو بچانے کے لیے امدادی کارروائی کی جارہی ہے

جے پور ؍ لکھنؤ ؍ پٹنہ (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی ریاست راجستھان میں کوٹہ ضلع کے علاقے کتھولی تھانہ میں کشتی کے ایک حادثے میں 8 جب کہ 2 ریاستوں اتر پردیش اور بہار میں موسلا دھار بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 28 افراد ہلاک ہو گئے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق ہندو یاتریوں کی کشتی الٹنے کے واقعے سے متعلق حکام کا کہنا ہے کہ کشتی میں 35 افراد سوار تھے جو قریبی مندر جا رہے تھے۔ حادثے کے بعد کچھ لوگ تیر کر کنارے پر آ گئے اور کچھ دیگر لاپتا ہو گئے، جس کے بعد امدادی ٹیموں نے کارروائی کرکے 8 افراد کی لاشیں ندی سے نکالیں، تاہم 15 افراد تاحال لاپتا ہیں، جن میں خواتین، بچے، بوڑھے اور جوان شامل ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق کشتی میں بھاری سامان کے علاوہ گاڑیاں بھی رکھی گئی تھیں۔ مقامی باشندوں نے الزام عائد کیا ہے کہ انتظامیہ کی ملی بھگت سے ندی میں غیر قانونی طور پر کشتیاں چلائی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب یو پی اور بہار میں شدید بارش اور گرج چمک نے 28 افراد کی جان لے لی۔ مقامی انتظامیہ نے لواحقین کو 4 لاکھ روپے کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسلا دھار بارش کا سلسلہ مزید چند روز جاری رہے گا۔ ایک اندازے کے مطابق بھارت میں سالانہ تقریباً 2 ہزار افراد آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک ہو جاتے ہیں۔