سیکیورٹی کونسل کشمیریوں سے کیے عہد کو پورا کرے، او آئی سی

177

او آئی سی کے بیانیہ میں بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی پامالی پر شدید تشویش کا اظہار۔

او آئی سی کا کشمیر پر اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی رپورٹوں میں دی گئی تجاویز پر عمل درآمد کا مطالبہ ۔ اسلامی ممالک کی تنظیم نے کہاکہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کشمیریوں سے کیے گئے وعدے پورے کرے۔اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی )نے اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق پر فلسطین ، مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا کے دیگر خطوں میں مسلمانوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر موثر آواز اٹھانے کے لیے زور دیا ہے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق جینیوا میں جاری کونسل کے اجلاس میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے او آئی سی کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی کو دنیا میں اسلامو فوبیا اور مذہبی عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے واقعات پر گہری تشویش ہے۔انہوں نے فرانسیسی میگزین کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور مذہبی کتب کو جلانے جیسے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مذہبی جذبات کو مجروح کرنا ردعمل پر اکسانے کی کوشش ہے۔ آزادی اظہار کی آڑ میں ایسی کوششوں کو جواز فراہم نہیں کیا جاسکتا۔