تاجر برادری کے مفادات کا تحفظ حکومت کی اہم ترجیح ہے ، شبلی فراز

426

تاجر برادری معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، ان کے مفادات کا  تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سید شبلی فراز نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر کی عمارت میں ایک جدید طرز کے آڈیٹوریم کا افتتاح کرنے کے بعد تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تاجر برادری کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

شبلی فراز نے کہا کہ تاجر برادری بیرون ممالک میں مشترکہ منصوبوں کے مواقعوں کی نشاندہی کرے، حکومت ان کو عملی جامہ پہنانے میں ہر ممکن تعاون کرے گی۔ ا نہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وبا کے دوران تاجر برادری نے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے جو قابل ستائش ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کے دانشمندانہ فیصلوں کی وجہ سے ملک میں معاشی سرگرمیاں بحال ہو رہی ہیں۔

انہوں نے اپنی نئی عمارت میں جدید طرز کا آڈیٹوریم تعمیر کرنے پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو مبارکباد پیش کی اور اس بات پر زور دیا کہ وفاقی وزیر خزانہ، تجارت اور کاروبار سے متعلقہ دیگر وزرا کو چاہیے کہ وہ پالیسی سازی کے دوران اس آڈیٹوریم میں بزنس کمیونٹی کے ساتھ مذاکرات کر کے ایسی پالیسیاں تشکیل دیں جو بزنس کمیونٹی کیلئے مددگار ثابت ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انڈسٹری-اکیڈیمیا روابط اور انٹرپرنیورشپ کو فروغ دینے کی کوششوں میں آئی سی سی آئی کو سپورٹ کرے گی۔