پی سی بی کا پی ٹی وی اسپورٹس سے 3 سالہ معاہدہ

1096

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن ( پی ٹی وی اسپورٹس) اور  کیبل ڈسٹریبیوشن کے مابین 3 سالہ معاہدے پر دستخط کردیے گئے۔

کرکٹ بورڈ کے مطابق  پی ٹی وی اسپورٹس کے ساتھ پی سی بی کے معاہدے کے بعد پہلا اسائنمنٹ نیشنل ٹی 20 کپ ہوگا جبکہ 30 ستمبرسے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کی پروڈکشن پی ٹی وی  اسپورٹس کرے گا۔

چئیرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہےکہ معاہدے کو حتمی شکل دینے پر پی ٹی وی اور آئی میڈیا کیمونیکشن سروسز کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، 3 سالہ معاہدے سے پاکستان کی کرکٹ پر بہت مثبت اثرات مرتب ہوں گے، یہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی براڈکاسٹنگ ڈیل ہے جس سے کرکٹ بورڈ کو 200 ملین امریکی ڈالر کی آمدن متوقع ہے۔

احسان مانی نے کہا کہ پی سی بی آئندہ تین سال میں قومی مینز اور ویمنز کرکٹ کے فروغ پر 15 بلین روپے خرچ کرے گا، یہ رقم ہائی پرفارمنس سینٹرز میں سابق کرکٹرز کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر بھی خرچ ہوگی۔

دونوں معاہدوں پر دستخط کے لیے منعقدہ تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن وزیراعظم عمران خان بھی موجود تھے،فریقین کے درمیان براڈکاسٹ کا یہ معاہدہ 2020 سے 2023 تک جاری رہے گا۔

اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نےپی سی بی کی مستقل حمایت  پر پیٹرن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نےاس معاہدے کو حتمی شکل دینے کے ساتھ ساتھ  پی ٹی وی اسپورٹس کی پراڈکشن میں جدت لانےاور کیبل نیٹ ورک کو ڈیجٹیلائز کرنے پر وزیر اطلاعات شبلی فراز اوروزیراعظم کے معاون خصوصی برائے انفارمیشن لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم باجوہ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔