حقوق کراچی مارچ  کا مقصد عوام کو حق دلانا ہے، حافظ نعیم الرحمن

667

  کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ 1100ارب روپے کاکراچی پیکیج محض اعلان کے سوا کچھ نہیں، 27ستمبر کو شاہراہ قائدین پر عظیم الشان حقوق کراچی مارچ منعقد کیا جائے گا۔

حافظ نعیم الرحمن نے سندھ ہائی کورٹ کا دورہ کیا ،وکلاءسے ملاقاتیں کیں اور ان کو 27ستمبر کو شاہراہ قائدین پر ہونے والے ”حقوق کراچی مارچ “ میں شرکت کی دعوت دی۔

حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ  جماعت اسلامی نے کراچی کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے تحریک شروع کی ہوئی ہے اسی سلسلے میں 27ستمبر کو شاہراہ قائدین پر عظیم الشان حقوق کراچی مارچ منعقد کیا جائے گا،کراچی پیکیج پر سیاست کی جارہی ہے،ہمیں وفاقی و صوبائی حکومتوں سے کراچی کے لیے کسی خیر کی توقع نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ حکومتیں کراچی کو لندن ، پیرس اور نیویارک بنانے کے دعوے کرتی ہیں لیکن کراچی کے عوام مطالبہ کررہے ہیں کہ کراچی کو کراچی ہی رہنے دیا جائے ، جس طرح ماضی میں 162ارب روپے کے پیکیج کا آج تک پتا نہیں چلا اسی طرح 1100ارب روپے کاپیکیج بھی کراچی کے عوام کے ساتھ سراسر دھوکا اور فراڈ ہے۔

امیر کراچی کا کہنا تھا کہ ایسا شہربنایا جائے جوکہ عبد الستارافغانی اور نعمت اللہ خان کے دور میں تھا جس میں کراچی کا پوراانفراسٹرکچر ٹھیک تھااور کراچی ٹرانسپورٹ کا ادارہ بھی موجود تھا،ہم ایسا کراچی چاہتے ہیں جو امن وامان کی مثال ہو جہاں کرپشن اورلوٹ مار نہ ہو۔

انہوں نے مزید کہاکہ ”حقوق کراچی مارچ“ کا مقصد کراچی کو ٍاس کا جائز اور قانونی حق دلانا ہے ،اس کے لیے کراچی کو بااختیار شہری حکومت دی جائے ،کراچی کی آبادی ڈیڑھ کروڑ نہیں تین کروڑ تک پہنچ گئی ہے اس لیے یہاں کی آبادی صحیح اعدادو شمار کے مطابق ظاہر کی جائے اور پھر اصل آبادی کے مطابق ہی کراچی کی منصوبہ بندی کی جائے۔