پشاور اسکول میں 7اساتذہ کے کورونا ٹیسٹ مثبت

451

پشاور: سرکاری گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول نمبر 1 کینٹ کے 7 اساتذہ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

محکمہ تعلیم کے مطابق حکومت کے حکم کے مطابق ایک ہفتہ قبل سرکاری اسکول  اساتذہ کے کورونا ٹیسٹ کرائے گئے تھے جس میں 7 اساتذہ میں کورونا مثبت آیا ہے۔

پشاور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر کے مطابق کورونا سے متاثرہ اساتذہ میں سے کوئی بھی طلبا سے نہیں ملا اور  ان اساتذہ کے دوبارہ بھی کورونا ٹیسٹ کئے جائیں گےجبکہ تمام اساتذہ کے ٹیسٹ سے متعلق محکمہ صحت کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

ایجوکیشن افسر کے مطابق  اسکولوں کے اساتذہ کو اسی دن وائرس کی تشخیص ہوئ ہے جب پشاور اور باقی پاکستان میں اسکول 6 مہینے کے مکمل لاک ڈاؤن وقفے کے بعد دوبارہ کھلولے گئے ہیں۔

محکمہ تعلیم کے مطابق تمام متاثرہ اساتذہ کو قرنطینہ بھیج دیا گیا ہے جبکہ تمام اسکولوں میں مکمل اسپرے کیا گیا جبکہ تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔

حکومت نے پہلے ہی یہ واضح کردیا ہے کہ کورونا وائرس دوبارہ پھیل نہیں رہا اس بات کو یقینی بنانے کے بعد ہی تعلیمی ادارے آہستہ آہستہ دوبارہ کھولے جائیں گے جبکہ منگل سے میٹرک کالج جامعہ کی سطح کے طالب علموں کے لئے دوبارہ کھول دیئے گئے جبکہ مڈل اسکول اگلے ہفتے دوبارہ کھلولے جائیں  گے اور کورونا وائرس کی صورتحال قابو میں رہی تو پرائمری اسکول دو ہفتوں کے بعد دوبارہ کھل جائیں گے۔

دوسری جانب کورونا وائرس سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 393 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 3 ہزار 89 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 665 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 97 ہزار 946، سندھ میں ایک لاکھ 32 ہزار 591، خیبر پختونخوا میں 37 ہزار 140، بلوچستان میں 13 ہزار 690، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 297، اسلام آباد میں 15 ہزار 984 جبکہ آزاد کشمیر میں 2 ہزار 441 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 30 لاکھ 24 ہزار 987 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 97 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 2 لاکھ 90 ہزار 760 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 571 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔