سوچ بڑی رکھنی چاہیے،دیوانے ہی بڑے کام کرتے ہیں،وزیراعظم

238
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت)وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ،سوچ بڑی رکھنی چاہیے ،دیوانے ہی بڑے کام کرتے ہیں، انسان اشرف المخلوقات ہے اس کو اللہ تعالیٰ نے بڑی صلاحیت دی ہے،کئی مرتبہ ایسا لگا کہ آگے نہیں جاسکتے لیکن اگر ادارے مضبوط اور خواب بڑھے ہوں تو تمام مشکلات سے مقابلہ کرنے کی قابلیت اور صلاحیت بڑھ جاتی ہے ،اس وقت مشکلات ہیں کیونکہ ماضی کے حکمران ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیل کر چلے گئے ہیں ،بدقسمتی سے کچھ لوگ مشکلات کو نئے پاکستان سے جوڑ رہے ہیں ہمیشہ یاد رکھو بڑے خواب دیکھنے والا ہی بڑے کام کرتا ہے، بڑی سوچ والا مہاتیر محمد جس نے ملائیشیا میں نیا شہر بنایا ہے ،جب وہ شروع کررہا تھا تو لوگ کہہ رہے تھے ناکام ہو جائے گا اتنا خرچہ کہاں سے آئے گا آج اس شہر کودیکھ کر عقل دھنگ رہ جاتی ہے ۔راوی ریور فرنٹ اربن ڈیولپمنٹ منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب مجھے راوی منصوبے کا پتا چلا تو بتایاگیا کہ اس منصوبے کی پہلے سے سوچ تھی مجھے علم تھا یہ منصوبہ کیوں کامیاب نہیںہوا کیونکہ جو لوگ اس متعلق سوچ رہے تھے ان کی نمبر ون ترجیح ملک نہیں بلکہ اقتدار میں آکر دولت بنا نی ہے۔جب انسان آگے بڑھنے کا فیصلہ کر لیتا ہے تو پوشیدہ صلاحیتیں بھی سامنے آتی ہیں ۔ کورونا میں مجھے ہر کوئی مکمل لاک ڈائون کا مشورہ دے رہا تھا کسی نے یہ نہ سوچا کہ غریب دیہاڑی دار طبقے کا کیا بنے گا چھوٹا سا طبقہ اپنا سوچ رہا تھا کہ میرے لیے لاک ڈائون کچھ بھی نہیں ہے میں آرام سے گھر بیٹھ جائوں گا ۔ نریندر مودی نے بغیر سوچے لاک ڈاؤن لگایا، آج بھارت پر اللہ کا عذاب آیا ہوا ہے ۔ساری دنیا چین کی ترقی سے خوفزدہ ہے ۔ہم غریبوںکو ہیلتھ کارڈ دیے ۔فٹ پاتھوں پر سونے والوں کے لیے پناہ گاہیں بنائیں اور کھانا دے رہے ہیں،غریبوں کے لیے 30 ارب روپے کا پیکج دیا ہے ان کو سبسڈی دے کرگھر دیں گے کم شرح سود پر وہ بینک سے قرضہ لے سکیں گے۔ راوی منصوبے میں باقاعدہ سستی ہائوسنگ ہوگی تاکہ کچی آبادیوں والے بھی گھر لے سکیں۔ علاوہ ازیں لاہور میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بچوں اور خواتین کے ساتھ زیادتیوں کے واقعات پر گہری تشویش ہے ، موٹروے پر خاتون سے زیادتی کرنے والے مجرموں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نشہ آور مصنوعات فروخت کرنے والے عناصر اور قبضہ مافیا کیخلاف سخت کریک ڈائون کیا جائے ۔ وزیراعظم نے اشیائے ضروریہ خصوصا گندم کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔