اقوام متحدہ کی امن فورس کے فوجی کورونا کا شکار ہوگئے

419

بیروت: اقوام متحدہ کی لبنان میں موجود امن فورس ‘یونیفیل’ کے 90 فوجی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق لبنان میں تعینات اقوام متحدہ (یو این) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 90 فوجیوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، تمام متاثرہ فوجیوں کو کورونا کے علاج کیلیے یونیفیل کی خصوصی عمارت میں منتقل کردیا گیا ہے۔

ترجمان یواین کا کہنا ہے کہ 88 فوجیوں کا تعلق ایک ہی دستے سے ہے تاہم انہوں کن ممالک کے فوج ہیں جو کورونا کا شکار ہوئے ان کے ملکوں کے نام ظاہر نہیں کیے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ یونیفیل نے وائرس کی روک تھام کیلیے متاثرہ افراد سے تعلق میں رہنے والے تمام افراد کی ٹریسنگ کی ہے اور ان کے ٹیسٹ کروائے ہیں تاکہ اس وباء کو پھیلنے سے روکا جائے۔

یاد رہے کہ لبنان اور اسرائیل کی سرحد پر تعینات ہونے والی یونیفیل افواج کا قیام 1978 میں عمل میں لایا گیا تھا جس میں 45 ممالک کے فوجی شامل ہوتے ہیں، ماہ اگست میں اقوام متحدہ نے امن مشن کے دورانیے میں مزید1سال کی توسیع کر دی تھی مگر اس دورانیےکیلیےفوجیوں کی تعداد 15 ہزار سے کم کر کے 13 ہزار کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب لبنان کے دارالحکومت بیروت میں 4 اگست کو ہونے والے ہولناک دھماکے کے بعد سے ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد دن بدن بڑھ رہی ہے، فروری سے اب تک ملک بھر میں 23 ہزار 669 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 239 افراد کی اموات واقع ہوچکی ہیں۔