سندھ تقسیم کرنے کی سازشوں کا مقابلہ کریں گے، رہنما جے یو آئی

610

کراچی: جمعیت علماءاسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا ہےکہ کراچی کی جداگانہ حیثیت مسائل کا حل نہیں، سندھ تقسیم کرنے کی سازشوں کا مقابلہ کریں گے۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاکہ  29 اکتوبر کو کراچی میں تاریخ ساز جلسہ کریں گے، اپوزیشن جماعتیں متحد ہونے جارہی ہیں،اے پی سی میں مضبوط فیصلے کئے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہاکہ  فرقہ واریت مذہبی طبقے کی نہیں حکمرانوں کی ضرورت ہے،ختم نبوت قانون کا تحفظ سب کا فرض ہے، مقدس ہستیوں کی توہین ناقابل برداشت ہے۔

مولانا عبدالغفور حیدری  کا مزید کہنا تھا کہ موٹر وے سانحہ نہایت افسوسناک ہے، جوحکومتی غفلت اور نااہلی کا آئینہ دار ہے،معاشرے میں لوگوں کی جان ومال اور عزت آبرو کی حفاظت کے لئے اسلام کے نظام حدود و تعزیرات کو نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے نظریاتی و جغرافیائی سرحدات کے حفاظت کے لئے کٹھ پتلی حکومت کا خاتمہ ناگزیر ہوچکا ہے، موجودہ حکومت یہودیوں اور قادیانیوں کے ایجنڈے کی تکمیل کے لئے ملک کے آئین اور قانون کو بلڈوز کر رہی ہے، لیکن جے یو آئی ملک کے آئین اور قانون کے تحفظ کے لئے میدان میں نکلی ہے اور عوامی طاقت سے ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیں گے۔