چونیاں میں بچوں سے زیادتی کے مجرم کو 6 بار سزائے موت

670

لاہور: چونیاں میں 4 بچوں سے زیادتی اور قتل کے دیگر دو کیسزکا فیصلہ سنا دیا گیا، انسداد دہشتگری عدالت نے مجرم سہیل کو 6 بار سزائے موت کا حکم دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگری عدالت نے ملزم سہیل شہزادہ کو دو مقدمات میں مجموعی طور پر چھ بار سزاے موت، دو بار عمر قید اور 64لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی ہے،ملزم کا 342کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد انسداد دہشتگری عدالت کے جج محمد اقبال نے کیس پر فیصلہ سنایا۔

عدالت اس سے قبل دو مقدمات میں مجرم سہیل شہزاد کو سزائے موت کی سزائیں سنا چکی ہے،مجرم کے خلاف تھانہ سٹی چونیاں میں بچوں کے ساتھ زیادتی اور قتل کا مقدمہ دہشت گردی کی خصوصی دفعات کے تحت درج ہے۔

 مجرم نے 342کے حتمی بیان میں الزامات کو جھوٹا قرار دیا،ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل عبدالجبار ڈوگر اور میاں طفیل نے حتمی بیان قلمبند کرایا۔ سیکیورٹی ایشوز کے باعث ملزم کا جیل ٹرائل کیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے چونیاں میں چار بچوں کو زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کرنے والے سفاک مجرم سہیل شہزاد کو تین مرتبہ سزائے موت دینے کا حکم سنایا تھا۔