کراچی سمیت پورا سندھ غلامان مصطفی کا ہے، اکرم سعیدی

131

ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) عوام نے سڑکوں پر آکر ثابت کردیا کہ کراچی سمیت پورا سندھ غلامان مصطفی کا ہے ،باطل قوتوں کو عوامی طاقت کا خاموش پیغام دیا ہے، امن پسند ہیں، قانون کے دائرے میں رہ کر صحابہ کرامؓ کی عظمت کا تحفظ کریں گے۔ ناموس رسالتﷺ، عظمت صحابہؓ واہلبیت ریلی کی فقید المثال کامیابی پر اظہار تشکر کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہلسنت پاکستان کے صوبائی رہنما علامہ اکرم سعیدی نے متحدہ اتحاد عباسیہ انٹرنیشنل کے صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالحمید عباسی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاکھوں عوام علماء مشائخ اہلسنت کی تنظیمات کے قائدین اور عوام اہلسنت نے تاریخ کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ وکلاء، ڈاکٹرز، انجینئرز، صحافی، تاجر برادی اور ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کے بھی مشکور ہیں جنہوں نے جذبہ عشق صحابہؓ کے تحت ریلی میں شرکت کی۔ کراچی کے عوام نے صحابہ کرام کی عظمت کو بلند کرنے اور گستاخ صحابہ کیخلاف ریفرنڈم دے دیا ہے، اہلسنت کی پُرامن پالیسی اور محب الوطنی کو کمزوری سے تعبیر نہیں کیا جائے، حکومت وریاست گستاخ صحابہ کو فوری گرفتار کرکے آئینی طور پر سزا دے، عوام صحابہ کرامؓ کی عظمت کے تحفظ کے لیے احتجاج کا حق رکھتے ہیں۔ مرکزی وصوبائی حکومت، فوج کے سربراہ، پولیس، رینجرز کو اہلسنت کی عظمت کو سمجھنا چاہیے۔