حیدرآباد :برسات اور سیوریج کا پانی تاحال جمع،علاقہ مکینوں کا احتجاج

161

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدر آباد کے بیشتر علاقوں میں برسات اور سیوریج کا پانی تاحال جمع، نظام زندگی مفلوج، علاقہ مکینوں کا احتجاج۔ حیدر آباد کے کئی علاقے جن میں مہر علی ہاؤسنگ سوسائٹی یونٹ نمبر 11، ملاح گوٹھ جناح کالونی، مکرانی پاڑہ، ٹنڈو یوسف اور ریلوے کوارٹرز سمیت دیگر علاقے شامل ہیں میں تاحال دو ہفتے قبل ہونے والی بارشوں کا پانی جمع ہے جبکہ سیوریج کا نظام ناکارہ ہوجانے کے باعث نہ صرف مذکورہ علاقوں بلکہ شہر کے دیگر کئی علاقوں میں گندا پانی سڑکوں پر جمع ہے، جس سے نظام زندگی مکمل طور پر مفلوج ہے۔ مہر علی سوسائٹی، عالم ٹائون، ملاح گوٹھ، فاطمہ جناح کے علاقہ مکینوں نے کہا ہے کہ حیدر آباد انتظامیہ کی نااہلی وعدم دلچسپی سے 15 روز سے زائد گزر جانے کے باوجود عالم ٹائون، ملاح گوٹھ، فاطمہ جناح کالونی کے سیکڑوں گھروں میں بارش کا پانی کئی فٹ تک موجود ہے جبکہ مکمل بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باوجود ڈپٹی کمشنر حیدر آباد کی ہدایت پر لگائی گئی 2 ہیوی موٹریں ہٹالی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ایک سانحہ بھی رونما ہوچکا ہے، اس پانی میں دس سالہ محمد لیاقت ولد محمد حنیف بھٹی ڈوب گیا۔ علاقہ مکینوں نے وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ سندھ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ فی الفو بارش کے پانی کی نکاسی کرائی جائے تاکہ حادثے سے بچا جاسکے اور غریب لوگ اپنے گھروں میں آسکیں، جبکہ گھروں میں کئی فٹ تک پانی اب بھی موجود ہے، مسجد میں نمازیں ادا نہیں ہوپا رہی ہیں۔