امدادی فہرستوں میں پی پی کارکنان کے نام درج ہیں، ارشد چانڈیو

144

پنگریو (نمائندہ جسارت) امدادی کاموں میں ہونے والی اقربا پروریوں اور بے ضابطگیوں کیخلاف پنگریو میں سیلاب متاثرین نے انصاف کا جنازہ نکالا اور فاتحہ خوانی کی۔ سیلاب سے بری طرح متاثرہ یونین کونسلوں سمن سرکار، ملکانی شریف اور اولیاء جرکس کے متاثرین نے شادی اسمال واہ سے پریس کلب پنگریو تک انصاف کا علامتی جنازہ نکالا اور اس جنازے کے ساتھ دھرنا دیا۔ سیلاب متاثرین نے علامتی جنازہ پریس کلب کے سامنے رکھ کر فاتحہ خوانی بھی کی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مظاہرین کے نمائندوں ارشد چانڈیو، محبوب کھوسو اور وفا اعجاز میمن نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے وفاقی اور سندھ حکومت کی جانب سے آنے والی امداد اصل مستحقین کے بجائے من پسند افراد میں تقسیم کی جارہی ہے۔ انتظامیہ سندھ حکومت کی جانب سے دی جانے والی فہرستوں کے مطابق شامیانے اور راشن تقسیم کررہی ہے، ان فہرستوں میں صرف پیپلز پارٹی کے کارکنوں، حامیوں اور ووٹروں کے نام لکھے جارہے ہیں جبکہ اصل مستحقین کو ہر طرح سے نظر انداز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری کے گزشتہ روز ٹنڈو باگو میں جلسے کے موقع پر جعلی متاثرین کو لاکر خیمہ بستی قائم کی گئی، حکومت سندھ کی مشینری اور حکمران جماعت کے رہنما امدادی مہم میں سنگین بے ضابطگیاں اور اقربا پروریاں کررہے ہیں۔ سیلاب متاثرین گزشتہ کئی روز سے سراپااحتجاج ہیں مگر کسی نے بھی متاثرین کے احتجاج اور مسائل کا نوٹس نہیں لیا۔ متاثرین نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے مطالبہ کیاکہ اہم معاملے کا نوٹس لیا جائے اور من پسند افراد میں امداد تقسیم کرنے والے افسران اور حکمران جماعت کے رہنمائوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔