جامعہ سندھ صرف فائنل ایئر کے طلبہ کے لیے کھولنے کا فیصلہ قبول نہیں، مرزا نعمان بیگ

147

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) اسلامی جمعیت طلبہ یونیورسٹی زون کے ناظم مرزا نعمان بیگ نے کہا ہے کہ جامعہ سندھ صرف فائنل ایئر کے طلبہ کے لیے کھولنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں ۔یونیورسٹی انتظامیہ تمام طلبہ کے لیے یونیورسٹی کے اندر کلاسز کے آغاز کے لیے انتظامات کرے۔ مرزا نعمان بیگ نے مزید کہا کہ 15 تاریخ تک تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ خوش آئند ہے لیکن صرف آخری سال کے طلبہ کو بلانا باقی طلبہ کے ساتھ ناانصافی ہے۔ فیصلے سے طلبہ کی اکثریت کا مستقبل خطرے میں پڑسکتا ہے۔ ناظم جمعیت نے مزید کہا کہ جامعہ سندھ کا آئن لائن کلاسز کا سسٹم بھی مکمل طور پرناکام ہوگیا ہے۔ آئن لائن کلاسز میں طلبہ کو کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ مرزا نعمان بیگ نے مطالبہ کیا کہ جامعہ سندھ کے تمام ڈپارٹمنس کھولے جائیں، تمام طلبہ کو جامعہ کے اندر کلاسز لینے کے لیے ایس او پیز تیار کرکے انتظامات کیے جائیں اور سمسٹر فیس معاف کی جائے۔