سکھر کے مختلف یوٹیلیٹی اسٹورزپر اشیا خورونوش ناپید

156

سکھر( نمائندہ جسارت)حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف فراہمی کے دعوے بے سود ثابت ، سکھر کے مختلف یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیا خورونوش ناپید ہو گئی ،شہری مہنگے داموں اشیا خریدنے پر مجبور ، یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیا نہ ہونے کی وجہ سے شہری پریشان حال ہیں ، بالا حکام نوٹس لیں۔صدر سکھر آٹو پارٹس اونرز ایسوسی ایشن حاجی الٰہی بخش شیخ و دیگر کا اظہار خیال۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے عوام کو یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے ریلیف فراہمی کے بلند و بانگ دعوے بے سود ثابت ہو رہے ہیں ، سکھر کے مختلف علاقوں میں قائم حکومتی یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیا خورونوش جن میں گھی ، آئل ، چینی ، آٹا ، دالیں و دیگر اشیا شامل ہیں ناپید ہو گئی ہیں ، اشیا خورونوش کی قلت کے باعث یوٹیلیٹی اسٹورز پر سناٹے چھا گئے ہیں ، یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کے مطابق مرکز سے سامان نہ آنے کی وجہ سے تکلیف کا سامنا ہے ، یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیا خورونوش کی قلت اور شہریوں کو درپیش مشکلات پر سکھر آٹو پارٹس اونر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی الٰہی بخش شیخ ، ، حاجی ہارون میمن ، عمیر احمد چودھری ، طارق جاوید ، عبدالرشید راجپوت ، محمد علی اور عبدالہادی متین بندھانی و دیگر شہری و سماجی تنظیموں کے عہدیداروں نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام دشمنی قرار دیا اور وفاقی حکومت سمیت یوٹیلیٹی اسٹورز کے بالا افسران سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ سکھر کے مختلف علاقوں میں قائم یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاخورونوش کی قلت کا نوٹس لیکر شہریوں کو سستی و معیاری اشیا فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے انہیں ریلیف فراہم کریں۔