جیکب آباد ، گوٹھ احمد میاں سومرو ، نہرمیں 30 فٹ چوڑا شگاف

156

جیکب آ باد(نمائندہ جسارت)جیکب آباد کے گوٹھ احمد میاں سومرو میں نہر کو 30 فٹ چوڑا شگاف، متعدد گھر زیر آب آگئے، علاقہ مکین شگاف کو پر کرنے میں مصروف، کئی علاقہ مکینوں نے نقل مکانی شروع کردی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے نواحی گاؤں احمد میاں سومرو میں واقع سومرا شاخ نہر میں پانی بڑھ جانے کے باعث نہر میں 30 فٹ چوڑا شگاف پڑا جس کے باعث پانی آبادی والے علاقے میں داخل ہوگیا اور 50 سے زائد گھروں میں پانی داخل ہوگیا جس کے باعث علاقہ مکین نقل مکانی کرکے محفوظ مقامات کی طرف چلے گئے۔ علاقہ مکینوں نے شگاف کی اطلاع محکمہ آبپاشی کے حکام کو دی مگر کوئی عملدار نہیں پہنچا جس کے بعد علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت شگاف کوپر کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں، شگاف کے باعث گھروں میں پانی داخل ہونے سے کئی گھروں کے منہدم ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، شگاف کے باعث کئی متاثرین کھلے آسمان تلے بے یارومدد گار بیٹھے ہوئے ہیں جبکہ شگاف کے باعث گھروں میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا گھریلو سامان اور اناج خراب ہوگیا ہے۔