بھٹ شاہ ، گیس کا شدید بحران شدت اختیار کرگیا ،گھریلوصنعتیں متاثر

180

بھٹ شاہ (نمائندہ جسارت) بھٹ شاہ میں سوئی گیس کا شدید بحران برقرار، گھریلو صنعتیں اور روز مرہ امور کی انجام دہی میں خواتین کو مشکلات۔ بھٹ شاہ شہر، بگھیہ محلہ، لطیف کالونی، پیر محلہ، شاہ حبیب چوک، شیخ محلہ، ہنر مند کالونی، فقیر کالونی میں کافی عرصے سے محکمہ سوئی گیس کے افسران کی نااہلی اور غفلت کی وجہ سے رات، صبح، دوپہر، شام کے وقت سوئی گیس کا شدید بحران برقرار ہے، سوئی گیس اور پریشر نہ ہونے کے برابر ہے، جس کے باعث گھریلو خواتین کو کھانا بنانے میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ عملے کی نا اہلی کی وجہ سے شہر اور محلوں میں مختلف مقامات پر سوئی گیس کے کئی میٹر لیکیج ہوچکے ہیں، اس کے علاوہ سوئی گیس کی لائنیں بھی کئی جگہ سے لیکیج ہوچکی ہیں، جن کی مرمت بھی نہیں ہورہی اور گیس بھی ضائع ہورہی ہے۔ افسران کی سرپرستی میں غیر قانونی طور پر ہوٹلوں اور گھروں میں گیس کے جنریٹر، گیس کھینچنے والی مشینیں چل رہی ہیں جن کیخلاف کوئی بھی قانونی کارروائی نہیں کی جاتی۔ شاہ حبیب چوک سے سوئی گیس کی مین سپلائی سے گیس کے پریشر میں کمی اور گیس کی سپلائی کو بند کردیا جاتا ہے۔ شہریوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان، وفاقی وزیر توانائی، پیٹرولیم و گیس عمر ایوب، گورنر سندھ عمران اسماعیل، چیئرمین سوئی سدرن گیس کمپنی، ڈائریکٹر سوئی سدرن گیس کمپنی سے مطالبہ کیا ہے کہ بھٹ شاہ میں سوئی گیس کے بحران کا خاتمہ کیا جائے، نااہل افسران کیخلاف کارروائی کرکے شہریوں کو سوئی گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔