میرپورخاص،محکمہ پبلک ہیلتھ کی نااہلی،پانی ذخیرہ نہ کرنے سے بحران

193

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) محکمہ موسمیات کی جانب سے بارشوں کی پیشنگوئی، محکمہ آبپاشی کی جانب سے نارا کینال اور دیگر نہریں بند کرنے اور واٹر سپلائی اسکیموں میں پانی ذخیرہ کرنے کی ہدایت کے باوجود محکمہ پبلک ہیلتھ کے افسران کی نااہلی کے باعث پانی ذخیرہ نہ کرنے سے شہر بھر میں پینے کے پانی کا بحران پیدا ہوگیا۔ شہر کے بعض علاقوں میں انتہائی بدبو دار پانی کی فراہمی، یومیہ ڈیڑھ کروڑ گیلن پانی کی ضرورت والے شہر کو ایک دن چھوڑ کر صرف چالیس لاکھ گیلن پانی فراہم کیا جارہا ہے، جس کے باعث شہری زیر زمین مضر صحت پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں، ٹینکر مافیا کی چاندی ہوگئی افسران اور منتخب نمائندوں کی چشم پوشی۔ گزشتہ ماہ محکمہ موسمیات کی جانب سے پیشگی طوفانی بارشوں کی اطلاع اور محکمہ آبپاشی کی جانب سے نارا کینال سمیت دیگر کینالیں اور نہریں بند کرنے کے فیصلے کے بعد محکمہ پبلک ہیلتھ اور واٹر سپلائی اسکیموں کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی تھی کہ واٹر سپلائی اسکیموں میں پندرہ روز کے لیے پانی ذخیرہ کرلیا جائے لیکن اس کے باوجود محکمہ پبلک ہیلتھ کے افسران کی نااہلی کے باعث پانی ذخیرہ نہ کرنے سے شہر بھر میں پینے کے پانی کا بحران پیدا ہوگیا ہے۔ پینے کے پانی کے بحران کے باعث شہری زیر زمین مضر صحت پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں جبکہ متوسط طبقہ پانی خرید کر استعمال کررہا ہے۔ شہر کے علاقوں میں خواتین اور بچے سروں پر برتن اٹھائے پانی کی تلاش میں سرگرداں نظر آتے ہیں اور دور دراز سے پانی لاکر استعمال کررہے ہیں جبکہ زیر زمین پانی کے استعمال سے لوگ گیسٹرو، الٹی، دست اور دیگر امراض کا شکار ہورہے ہیں جبکہ شہر کے بعض علاقوں میں انتہائی بدبو دار اور مضر صحت سیوریج ملے پانی کی سپلائی کی جارہی ہے۔ شہر کے 70 فیصد سے زائد علاقوں کھار پاڑہ، حمید پورہ کالونی، نائی پاڑہ، چاکی پاڑہ، ڈھولن آباد، ریواچند گارڈن، سیٹلائٹ ٹائون، بھانسنگھ آباد، ملک ریاض کالونی، میر کالونی، رحیم نگر سمیت دیگر علاقوں میں پینے کے پانی کا بحران پیدا ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق میونسپل کمیٹی صرف بااثر لوگوں کو گاڑیوں کے ذریعے پانی فراہم کررہی ہے جبکہ ٹینکر مافیا اور ٹرالی ٹینکر والے فی ٹینکی 3000 سے 4000 روپے میں فروخت کررہے ہیں، جس کے باعث شہری سخت پریشان ہیں۔ اس حوالے سے محکمہ پبلک ہیلتھ کے اسسٹنٹ انجینئر صدام مری نے بتایا کہ واٹر سپلائی اسکیموں میں پانی کی عدم فراہمی کے باعث پانی کی قلت کا سامنا ہے، کمی کی وجہ سے شہر میں ایک دن چھوڑ کر دوسرے دن پانی سپلائی کیا جارہا ہے، جیسے ہی واٹر سپلائی اسکیموں میں پانی کی فراہمی شروع ہوجائے گی پانی کا بحران بھی ختم ہو جائے گا جبکہ محکمہ آبپاشی کے ایگزیکٹو انجینئر انور سیال نے بتایا کہ بارشوں کے باعث نارا کینال اور دیگر نہریں بند کردی گئی تھیں اور انتظامیہ کو ہدایت کی گئی تھی کہ واٹر سپلائی اسکیموں میں پانی ذخیرہ کرلیا جائے آئندہ دو چار روز میں واٹر سپلائی اسکیموں کو پانی کی فراہمی شروع ہو جائے گی۔