موسیٰ کالونی سے گندگی صاف اورمتاثرین کو معاوضہ دیا جائے ٗحافظ نعیم الرحمن

297

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے گزشتہ روز نائب امیر ضلع گلبرگ کامران سراج کے ہمراہ حالیہ بارش سے متاثرہ موسیٰ کالونی کا دورہ کیا اور مکینوںسے ملاقات کی ۔اس موقع پر ناظم علاقہ عرفان شاہ ، ناظم حلقہ موسیٰ کالونی عبید الرحمن شاہ ، محمد حنیف سمیت کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ علاقہ مکینوں نے حافظ نعیم الرحمن کو بتایا کہ بارش کے باعث 3 مکانات گرگئے لیکن الخدمت اورجماعت اسلامی کے کارکنان کی مدد سے رہائشیوں کو گھروں سے بحفاظت نکال لیا گیا ۔ انہوںنے مزید بتایا کہ ہم جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضاکاروں کے شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے مشکل حالات میں مکمل تعاون کیا جب کہ اس دوران کوئی منتخب نمائندہ نظر نہیں آیا جو ووٹ لینے کے لیے تو یہاں آئے تھے لیکن منتخب ہونے کے بعد اس علاقے کا رُ خ تک نہیں کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضا کاروں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ بارش کے دوران اور بعد میں بھی ہمارے رضا کاروں نے متاثرین کی مدد کی اور ہمیشہ آزمائش اور مصیبت کے وقت آگے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتنے دن گزرنے کے بعد بھی موسیٰ کالونی میں اب تک بارش کا پانی موجود ہے اور گندگی کے ڈھیر ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ بارش کے باعث بے گھر ہونے والے افراد کو فوراً معاوضہ دیا جائے اور علاقے سے گندگی اور کچرے کے ڈھیر کو صاف کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سابق سٹی ناظم عبد الستار افغانی اور نعمت اللہ خان کے ادوار میں یہاں سے منتخب ہونے والے جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں نے علاقے میں ریکارڈ کام کرائے تھے لیکن موجودہ حکومتی منتخب نمائندے ووٹ لینے کے بعد علاقوں کا دورہ تک نہیں کرتے تو کام کیا کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے ساتھ مسلسل نا انصافیوں، حکومت کی نا اہلی و ناقص کارکردگی اور شہر کے گھمبیر مسائل پر مجرمانہ غفلت و لاپرواہی نے آج کراچی کو ملک کا سب سے زیادہ مسائل زدہ شہر بنا دیا ہے‘ پی پی پی اور ایم کیو ایم دونوں کراچی کی تباہی کی ذمے دار ہیں‘ پی ٹی آئی نے بھی2 سال میں کراچی کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کراچی کے عوام کو حقوق دلانے کے لیے27 ستمبر ’’کراچی حقوق مارچ ‘‘ کا اعلان کیا ہے‘ جماعت اسلامی کی ’’حقوق کراچی تحریک‘‘ حکمرانوں سے عوامی مسائل حل کرانے اور عوام کے حقوق حاصل کرنے کے لیے ہے‘ 27 ستمبر ’’کراچی حقوق مارچ‘‘ عوام کے احساسات و جذبات کا حقیقی ترجمان ثابت ہو گا‘ کارکنان اور ذمے داران تحریک کو تیز کردیں اور مارچ کی کامیابی کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں اور وسائل کو برائے کار لاتے ہوئے موثر منصوبہ بندی کے ساتھ کوششیں کریں اور اس کے لیے بڑے پیمانے پر تیاریاں اور انتظامات کریں۔