ملک میں معاشی بدحالی عروج پر ہے، خواتین کی عزتیں بھی محفوظ نہیں، فضل الرحمن

259

اسلام آباد (آن لائن ) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ملک میں بیروزگاری، مہنگائی عروج پر اور روپے کی قدر بھی گرتی جارہی ہے۔ اب ملک میں عام خاتون کی عزت بھی محفوظ نہیں ۔ موٹروے واقعے کے ذمے داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ، اس وقت فرقہ واریت کی آگ بھڑک رہی ہے۔ریاست کی خاموشی اپنے خفیہ کردار کی نشاندہی کررہی ہے۔ پی ٹی آئی والے بندے دے پتر بن جان ۔20 ستمبر کو اے پی سی میں تمام معاملات پر بات ہوگی، پیپلزپارٹی میزبان ہے۔ہفتہ کو مسلم لیگ (ق ) کے صدر چودھری شجاعت حسین سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہناتھاکہ چودھری شجاعت کی عیادت کے لیے آیا ہوں۔ اللہ تعالیٰ چودھری شجاعت کو صحت عطا فرمائے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اس ملک میں اب کیا محفوظ رہ گیا ہے ۔ خاتون کی عزت سر راہ محفوظ نہیں۔ملک میں بیروزگاری، مہنگائی عروج پر ہے۔روپے کی قدر بھی گرتی جارہی ہے، اب ملک میں عام خاتون کی عزت بھی محفوظ نہیں۔ اس قسم کے واقعات کے بعد بھی ریاست مدینہ کا نام آتا ہے۔ ہمارے اداروں کا فرض ہے اس واقعے کو سنجیدگی سے لیں۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے واقعہ کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے،جب تک سلیکٹڈ لوگ حکمران ہیں اس وقت تک کسی کی عزت محفوظ نہیں،سر بازار ناموس رسالت، صحابہ کی شان پر حملے کیے جارہے ہیں۔یہ مذہبی مسئلہ نہیں ہمارے قانون میں یہ بات موجود ہے۔ اس وقت فرقہ واریت کی آگ بھڑک رہی ہے۔ریاست کی خاموشی اپنے خفیہ کردار کی نشاندہی کررہی ہے ۔ جب تک ٹھوس قسم کے فیصلے نہیں ہوں گے روایتی قراردادوں کی کوئی اہمیت نہیں۔ اگر حکمران کسی کو سرعام پھانسی دینا چاہیں تو ان کے پاس ایگزیکٹو اختیارات ہیں۔ ماضی میں ایسا ہوچکا ہے۔اصل مقصد ایسے مجرمان کو گرفت میں لانا ہے۔ پی ٹی آئی والے صرف اپنی ریفارمز کرلیں۔ پی ٹی آئی والے بندے دے پتر بن جان۔