معلومات لیک کر کے موٹروے واقعے کے ملزمان کو فرار کا موقع دیا گیا، ن لیگ

183

لاہور (مانیٹر نگ ڈ یسک )مسلم لیگ(ن)کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ فارنزک لیب سے موٹروے زیادتی کیس کے ملزمان کی نشاندہی کے بعد حکومت ذرا سی رازداری سے کام نہ لے سکی اور معلومات لیک کرکے ملزموں کو فرار ہونے کا موقع دیا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جیسے اناڑی عمران خان تھے ویسی ہی ٹیم پنجاب میں لائے ہیں، حکومت کا کام ہے جن ملزمان کی نشاندہی ہوئی ہو، انہیں گرفتار کرے ،حکومت نے ملزمان کی شناخت لیک کی اور ان کو فرار ہونے کا موقع دیا، حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے ملزمان فرار ہوگئے۔احسن اقبال کا کہنا تھاکہ عمران خان خواتین کے حقوق کے بڑے چیمپئن بنتے تھے لیکن موٹروے واقعے اور کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) کے نازیبا بیان کی مذمت تک نہ کی، اس حکومت میں انگلی مجرم پر نہیں بلکہ خاتون پر اٹھی،یہ نالائق حکمران پاکستان کو تباہ کررہے ہیں۔ رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ یہ حکومت صرف سوشل میڈیا ٹرینڈ پر چل رہی ہے، حکومتیں ایسے نہیں چلتیں، عمران خان کو خود سمجھ لینا چاہیے کہ ملک چلانا ان کے بس کی بات نہیں۔ان کا مزیدکہنا تھا کہ پنجاب میں تحریک انصاف مسلسل ہارتی رہی ہے، اس لیے پنجاب کے عوام سے بدلہ لینے کے لیے عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ بنایا گیا،دنیا پنجاب میں تحریک انصاف حکومت کی ناکامی کی گواہی دے رہی ہے، اس طرح اسکول ٹیچر کو بھی تبدیل نہیں کیا جاتا جیسے آئی جی پنجاب کو تبدیل کیا گیا۔