وفاق کا درآمدی گندم پر سبسڈی صوبوں سے لینے کا فیصلہ

183

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی حکومت نے درآمدی گندم پر سبسڈی صوبوں سے لینے کا فیصلہ کر لیا ہے، سبسڈی کا تعین کرنے کے لیے وزیر اعظم نے3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ صوبوں کو در آمدی گندم پر سبسڈی کے فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز وزیر اعظم کی زیر صدارت گندم کے حوالے سے اہم اجلاس میں درآمدی گندم پر سبسڈی دینے کا فیصلہ نہ ہونے پر وزیر اعظم نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ درآمدی گندم پر سبسڈی صوبوں سے لی جائے گی۔ وفاق نے مئوقف اختیار کیا کہ درآمدی گندم صوبے استعمال کریں گے، سبسڈی بھی وہی دیں، ملک میں گندم کی سرکاری قیمت1450 روپے فی من جبکہ درآمدی گندم 1900 روپے سے زائد میں پڑ رہی ہے۔ 3 رکنی کمیٹی میںوفاقی وزیر حماد اظہر، سیکرٹری قومی تحفظ خوراک اور چیئرمین ٹی سی پی کمیٹی میں شامل ہیں۔ درآمدی گندم کے ٹرانسپورٹیشن اوردیگر اخراجات بھی صوبوں سے وصول ہوںگے، ملک میں اب تک درآمدی گندم کے3 جہاز پاکستان آچکے ہیں3 جہازوں میں مجموعی طور پر 195000 میٹرک ٹن گندم در آمد ہو چکی ہے۔