پنجاب میں سرکاری و نجی اسکولز صبح ساڑھے 7 تا 1بجے کھلیں گے

163

لاہور (اے پی پی )اساتذہ یا طلبہ کے کورونا ٹیسٹ کی شرط نہیں رکھی گئی، صوبے بھر کے سرکاری و نجی اسکولز صبح ساڑھے 7 بجے لگیں گے جبکہ ایک بجے چھٹی ہوگی، آدھے بچے ایک روز اور آدھے اگلے روز بلوائے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ اسکولز ایجوکیشن کی طرف سے جاری کی گئی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اسکول صبح ساڑھے 7 سے دوپہر 1بجے تک لگیں گے۔ سرکاری و نجی اسکولز کے بچے آدھے ایک روز اور آدھے اگلے روز آئیں گے۔ ہدایات کے مطابق پہلا گروپ پیر ،بدھ اور جمعہ کو سکول آئے گا جبکہ دوسرا گروپ منگل، جمعرات اور ہفتہ کے روز آیا کرے گا‘ مانٹیرنگ ٹیمیںایس او پیز اور گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کروائیں گی۔نوٹیفکیشن میں مڈل کلاسز کا آغاز 23 ستمبر سے اور پرائمری کلاسز کا آغاز یکم اکتوبر سے شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ دوسری جانب تعلیمی اداروں کے کھلنے سے قبل اساتذہ اور طلبہ کے لازمی کورونا وائرس ٹیسٹ کے معاملہ پر سیکرٹری صحتکیپٹن (ر) محمد عثمان نے متعلقہ اداروں کو وضاحتی خط لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اساتذہ یا طلبہ کے کورونا ٹیسٹ کی کوئی لازمی شرط نہیں رکھی گئی۔