پاکستانی قونصلیٹ جدہ اور صحافیوں کےاعزازمیں تقریب

223

سعودی عرب میں کورونا وائرس کے دوران پاکستانی کمیونٹی کی بہترین اور گراں قدر خدمات پر چودھری محمد اکرم کی جانب سے پاکستان قونصلیٹ جدہ اور صحافی برادری کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں قونصل جنرل پاکستان خالد مجید نے او آئی سی میں پاکستان کے مستقل نمایندے سفیر رضوان سعید شیخ اورکشمیر کمیٹی جدہ کے صدر مسعود احمد پوری ، قونصلیٹ کےافسران اور صحافیوں کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اعزازی شیلڈ اور سرٹیفکیٹ پیش کیے۔ اس موقع پر معروف پاکستانی ماہرِ غذا اور سماجی کارکن ادعیہ وہاج نے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نمایندہ جسارت سید مسرت خلیل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران طبی ماہرین کو بڑھتی ہوئی ذمے داریوں کے ساتھ کئی طرح کے چیلنجز کا سامنا رہا اور اب صورت حال یہ ہے کہ لوگ قوت مدافعت بڑھانے والی غذاؤں کی اہمیت اور ضروریات سے بخوبی واقف ہو چکے ہیں۔
عالمی وبا کے دور میں لوگوں کو ضروری اشیائے خور و نوش فراہم کرنے کے ساتھ غذائیت سے بھرپور خوراک کی ضرورت اور اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے ساتھ سب سے پہلے یہ سمجھانا ضروری ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والے غیر مصدقہ ٹوٹکوں اور جادوئی قسم کے دعووں پر اعتماد نہ کریں، تاہم مستند معالجین اور ماہرین کی بتائی ہوئی ہدایات پر عمل کرنے سے فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کئی قدرتی ذرائع موجود ہیں جو مدافعتی نظام کے افعال کو درست رکھنے میں مدد دیتے ہیں، جس سے صحت مند رہنے کے علاوہ قوت مدافعت بڑھا کر کورونا وائرس کے خلاف جسم کو لڑنے میں مدد دی جا سکتی ہے۔ادعیہ وہاج نے آخر میں میزبان چودھری اکرم کا صحافیوں اور پاکستان قونصلیٹ جدہ کے اعزاز میں تقریب منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقاریب لوگوں کا حوصلہ بڑھانے اور ان کی خدمات کا اعتراف کرنے کا بہترین اظہار ہو سکتی ہیں۔