پی ٹی آئی (سعودی عرب) کے پارٹی الیکشن سے قبل تقریب کا انعقاد

339

 

پی ٹی آئی (سعودی عرب) کے زیر اہتمام آیندہ پارٹی الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کے سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد کیا، جس میں عہدیداروں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا، جس کے بعد خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی (سعودی عرب) کے سابق صدر عبدالقیوم خان نے کہا کہ پارٹی کارکن گروہ بندیوں کی وجہ سے شدید مایوسی کا شکار ہیں۔ الیکشن سے قبل پارٹی کے اندر پائی جانے والی کمزوریوں پر قابو پا کر ہم کامیابی کے لیے ایک نئے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ ہم وطنوں کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور رابطوں کو مزید مضبوط کریں۔ ہم زور سے نہیں بلکہ اپنے کام سے ثابت کرکے خود کو کامیاب کر سکتے ہیں۔ڈاکٹر حکیم اللہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ انصاف کا ساتھ دیا ہے۔ ہمیں عہدوں کا لالچ نہیں بلکہ کمیونٹی کی خدمت کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ ڈاکٹر سلمان شاہد نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ سچ کا ساتھ دیا اور جب تک ہم سیاست میں ہیں، پی ٹی آئی کی نمایندگی کرتے رہیں گے۔شفیع اتماخیل نے کہا کہ تبدیلی کے لیے ہمیں خود کو تبدیل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ تقریب سے ممتاز خان، شاکر اللہ خان، سعید کوہستانی، نور زمان، ثناو اللہ، جمشید خان، فضل واحد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔