پاکستان رائٹرز کلب اور لیڈیز چیپٹر کا آن لائن مشاعرہ

299

 

پاکستان رائٹرز کلب اور لیڈیز چیپٹر (ریاض) کے زیر اہتمام پاکستان کے 74 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے روایتی ’’سالانہ یوم آزادی مشاعرہ‘‘ کا آن لائن انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف ممالک سے شعرا نے شرکت کی اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ اس موقع پر سعودی عرب میں پاکستان کے سابق سفیر منظور الحق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ قیصر واجدی صدر مشاعرہ اور سہیل ثاقب، شبیر نازش اور فرحین چودھری مہمان خصوصی تھے۔ شاعر یوسف علی یوسف نے میزبانی کی ذمے داریاں سنبھالیں اور شریک شعرا کا مختصر تعارف پیش کیا۔
تقریب کا آغاز کلیم اقبال نے تلاوت کلام پاک سے کیا جب کہ تنویر میاں نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔آن لائن مشاعرے میں شریک زبیر بھٹی، ڈاکٹر فرح نادیہ، وسیم ممتاز، ہشام سید، منصور محبوب، شاہد خیلووی، شگفتہ شفیق، ریاض شاہد، ڈاکٹر لبنیٰ، سلیمان جاذب، شبیر نازش، فرحین چودھری، سہیل ثاقب اور قیصر واجدی نے اپنے اپنے کلام سنائے۔پروگرام کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بھی براہ راست نشر کیا گیا تھا، جہاں دنیا بھر سے سامعین شریک ہوئےاور شعرا کے کلام سے لطف اندوز ہوئے۔
پاکستان رائٹرز کلب اور لیڈیز چیپٹر کی پی آر قندیل ایمن نے اس موقع پر بتایا کہ یوم آزادی کے موقع پر اپنے روایتی سالانہ یوم آزادی مشاعرہ میں سعودی عرب کے شہر الریاض، الخبر اور جدہ کے مقامی شاعروں کے علاوہ کینیڈا ، متحدہ عرب امارات ، بحرین اور پاکستان سے بھی مختلف شعراء شریک ہیں۔ بعدازاں پی ڈبلیو سی کے سرپرست اعلیٰ فیض النجمی کو مدعو کیا گیا، جنہوں نے سامعین کو مشاعرے کے مقاصد سے آگاہ کیا اور پی ڈبلیو سی اور لیڈیز چیپٹر کی مختصر تاریخ بتائی۔
سعودی عرب میں پاکستان کے سابق سفیر منظور الحق نے آن لائن مشاعرے کی میزبانی کے لیے شعراء، پاکستان رائٹرز کلب اور لیڈیز چیپٹر کی کدمات کو سراہا اور کہا کہ یوم آزادی کی مناسبت سے تقریب میں شریک ہونا ایک یادگار دن رہے گا۔ آخر میں پاکستان رائٹرز کلب کے صدرعبدالرؤف مغل نے مہمان خصوصی اور شعرا کا شکریہ ادا کیا۔