قومی وطن پارٹی کی جانب سے اعلیٰ خدمات پر ایوارڈ تقریب

254

سعودی دارالحکومت ریاض میں قومی وطن پارٹی کی جانب سے کورونا کی وبا کے دنوں میں اعلیٰ خدمات انجام دینے والے افراد کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں عہدیداروں کے ساتھ پارٹی کارکنوں نے بھی شرکت کی۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، جس کا شرف ناظم علی عطاری کو حاصل ہوا جب کہ ہدیہ نعت عابد شمعون چاند نے پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی وطن پارٹی (سعودی عرب) کے مرکزی صدر اقبال ودود نے کہا کہ ہم خادم حرمین شریفین سلمان بن عبد العزیز کے شکر گزار ہیں، جنہوں نے کورونا کے دنوں میں مملکت میں سب کے لیے مفت طبی اور دیگر سہولیات فراہم کیں۔ سعودی عرب کے ساتھ ہمارا روحانی رشتہ تا قیامت رہے گا۔ انہوں نے کورونا وائرس کے پھیلاو کے دنوں میں اعلیٰ خدمات انجام دینے پر پارٹی کارکنوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی وطن پارٹی پاکستان میں بسنے والی تمام جماعتوں اور قوموں کا ساتھ دینے کے علاوہ ان کے تحفظ اور حقوق کے لیے کوشاں ہے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنی کوششیں بروے کار لاتی رہے گی۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم پنجابی، پٹھان، بلوچی، سندھی قومیت کو بھول کر ایک پاکستانی بن جائیں تو دنیا کی ایک عظیم اور باہمت قوم ثابت ہو سکتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری سلطان زیب کا کہنا تھا کہ ہم سعودی حکومت اور سفیر پاکستان راجا علی اعجاز اور ان کی ٹیم کے شکر گزار ہیں، جنہوں نے کورونا کے دنوں میں دن رات پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کی۔تقریب سے اکبر بادشاہ، انور زیب، جاوید خان، جلال خان، نادر خان، عبدالستار خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔آخر میں اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں کارکنوں کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔