چوتھی فالکن سپر فٹبال لیگ کا ریاض میں شاندار افتتاح

310

سعودی دارلحکومت ریاض میں کرونا وائرس کی وبا کے پیش نظر کھیلوں کے انعقاد پر عائد پابندی ختم ہوتے ہی فالکن فٹبال کلب کی جانب سے چوتھی فالکن سپر فٹبال لیگ کا شاندار افتتاح کر دیا گیا جس میں مجموعی طور پر 14 ٹیمیں شامل ہیں۔
افتتاحی تقریب میں فٹبال کے مداحوں نے بھرپور شرکت کی، جس سے خطاب کرتے ہوئے فالکن فٹبال کلب کے چیئرمین حنیف بابر نے کہا کہ فالکن فٹبال کلب نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے بلکہ انہیں آگے بڑھنے کے مواقع بھی فراہم کرتا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ فٹبال جیسے کھیل کو زیادہ سے زیادہ فروغ حاصل ہو اور اس سلسلے میں فالکن فٹبال کلب اپنا کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کھیلوں کی سرگرمیوں کی اجازات دینے پر خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو خراج تحسین پیش کیا۔
فالکن سپر فٹبال لیگ کے چیف آرگنائزر فرحان مشتاق نے کہا کہ ٹورنا منٹ کا مقصد ایشین کمیونٹی کو فٹبال جیسے عالمی کھیل کی طرف راغب کرنا ہے تاکہ فٹبال کے کھیل کو زیادہ سے زیادہ فروغ حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں کھیلوں کو جس طرح بھر پور پذیرائی مل رہی ہے اس کا سہرا ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے سر پر ہے۔
2 ماہ کے دورانیے پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں 8 ایشین اور 6 عرب ٹیمیں شامل ہیں۔ افتتاحی میچ کے شروع ہوتے ہی پاکستانی، بھارتی اورعرب کمیونٹی کے شائقین فٹبال نے کھلاڑیوں کی بھر پور حوصلہ افزائی کی اور فالکن فٹبال کلب کے عہدیدارن کا شکریہ ادا کیا۔