فیصل کینٹ گلستان جوہر کانالاٹوٹنے سے حادثات کا خطرہ

545
فیصل کینٹ گلستان جوہر کی حدود میں واقع سیوریج نالا عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جو کسی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)فیصل کینٹ گلستان جوہر کی حدود میں واقع سیوریج نالا جو جوہر چورنگی سے پہلوان گوٹھ کی جانب جاتاہے‘ کافی عرصہ سے زبوں حالی کا شکار ہے۔ نالا پہلے ہی کافی عرصے سے زبوں حالی اور تباہ حالی کا شکار تھا تاہم حالیہ بارشوں میں مزید ٹوٹ پھوٹ اور اہل علاقہ کیلیے پریشانی اور خطرات کا باعث بن رہا ہے۔ اکثر حادثے بھی رونما ہوتے رہتے ہیں۔اطراف میں مقامی آبادی اور کاروباری برادری مسئلے کی سنگینی سے پریشان بھی ہے اور انتظامیہ اور عوامی نمائندوں کی کارکردگی سے بھی کافی مایوس ہے۔ جوہر چورنگی سے ائرپورٹ جانے والے اس روڈ کو مقامی آبادی تو استعمال کرتی ہی ہے تاہم یہ روڈ ائر پورٹ جانے کا متبادل راستہ ہونے کے باعث دیگر شہریوں کے بھی عام استعمال میں رہتا ہے‘ ساتھ ہی پی آئی اے اور سول ایوی ایشن کے ملازمین کی بڑی تعداد اس رستے کو روزانہ کی بنیاد پر استعمال کرتی ہے۔ اس حوالے سے علاقے کے جماعت اسلامی کے رہنما نصر عثمانی نے کہاہے کہ جماعت اسلامی اس صورتحال میں عوام کو حالات کے رحم و کرم پر تنہا نہیں چھوڑ سکتی۔متعلقہ انتظامیہ فوری طور پر نالے کی تعمیرات اور اس سے متصل سڑک کی مرمت کے اقدامات کرے تاکہ مقامی آبادی اس مسئلے سے چھٹکارا حاصل کرسکے۔