سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے تحت انٹری ٹیسٹ کا انعقاد

299

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے زیر اہتمام سال2020 میں داخلہ لینے والے طلبہ کا انٹری ٹیسٹ ہفتہ اور اتوار کو یونیورسٹی میں منعقد کیا گیا، اس سال داخلہ کیلیے آن لائن اپلائی کرنے والے طالبعلموں کی کل تعداد مقررہ نشستوں سے پانچ گنا زیادہ رہی،کمپیوٹر بیسڈ آن لائن ٹیسٹ کا جائزہ لینے کے لیے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجیب الدین صحرائی میمن نے ڈینز، رجسٹرار ، ناظم امتحانات اور دیگر کے ہمراہ امتحانی سینٹرز کا دورہ کیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اس سال متعدد طلبہ نے جامعہ میں داخلہ لینے میں دلچسپی کا اظہارکیا جو کہ گزشتہ سال سے کئی گنا زیادہ ہے، انہوں نے نئے طلبہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ جامعہ 15 ستمبر سے کھول دی جائے گی تمام طلبہ، اساتذہ اور ملازمین ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرنے کے پابند ہونگے ۔ انڈرگریجویٹ پروگرام میں داخلہ لینے والے طلبہ نے انٹری ٹیسٹ میں حصہ لیا جبکہ گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروگرام میں داخلہ لینے والے طلبہ کا 15 اور 16 ستمبر کو براہ راست انٹرویو لیا جائے گا ، انٹری ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کی فہرست آج 14 ستمبر کوجاری کی جائے گی، اورینٹیشن ڈے اور اور کامیاب امیدواروں کی کلاسز 28 ستمبر سے شروع ہوں گی۔