مریم نواز کو جیل میں والد کو دی جانیوالی خوراک پر شبہات

280

لاہور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے جیل میں اپنے والد کو دی جانے والی خوراک پر شبہات کا اظہار کر تے ہوئے کہا ہے ابھی تو یہ تحقیق ہونا باقی ہے کہ گھر کا کھانا بند کر کے نواز شریف کو نیب میں کیا خوراک دی جاتی رہی کہ ان کی بیماری میں شدت آگئی۔ سوال تو یہ بھی ہے کہ کال کوٹھڑی میں بند تنہا قیدی کورونا وائرس کی زد میں کیسے آگیا ؟ اپنے ایک ٹوئٹ میں انہوں نے سوال کیا ہے کہ نواز شریف کے گھر کا کھانا بند کر کے نواز شریف کو کیا خوراک دی جاتی رہے جس سے نواز شریف کے پلیٹ لیٹس خطرناک حد تک گر گئے اور انہیں ہارٹ اٹیک ہوا۔ انہوں نے حمزہ شہباز کو حراست میں رکھنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بدترین حکومتی جبر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی تشخیص کے باوجود حمزہ شہباز کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم نہیں کی جارہیں۔