کراچی:لیاری میں 2 منزلہ عمارت منہدم ،2 افراد جاں بحق ،10زخمی ہوگئے

387

کراچی(اسٹاف رپورٹر)لیاری میں 2 منزلہ عمارت منہدم ہونے کے باعث 2 افراد جاں بحق جبکہ10زخمی ہوگئے، حادثہ دوسری عمارت کی کھدائی کا کام کرنے والے شاول کے ٹکر انے کی وجہ سے پیش آیا ،عمارت کو سرائے کے طور پر استعمال کیا جارہا تھا، جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد مزدور پیشہ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح لیاری کے علاقے بہار کالونی گلی نمبرایک کوئلہ گودام کے قریب 2 منزلہ عمارت گرنے سے متعدد افراد ملبے تلے پھنس گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر ملبہ ہٹایا اور 2 افراد کی لاشیں اور 9 زخمیوں کو نکالا۔ عینی شاہدین کے مطابق عمارت کے ساتھ خالی پلاٹ پر تعمیراتی کا چل رہا تھاجس کے دوران ایک شاول عمارت کی چھت کے ساتھ اچانک ٹکرا گیا، چھت ٹی آراور گارڈر کی تھی جس کی وجہ چھت سلپ ہوگئی اور نیچے گر گئی ہی عمارت زمین بوس ہوگئی۔ علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کیں بعدازاں ریسکیو ٹیموں کے رضا کار بھی جائے وقوع پر پہنچے جس کے بعد عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالا گیا ۔جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 30سالہ جان محمد اور 40سالہ حیات خان کے نام سے ہوئیہے ، جبکہ زخمیوںمیں 30 سالہ عبدالرحمن، 25 سالہ داؤد، 45 سالہ حبیب، 30 سالہ عمیر خان ، 40 سالہ شیر خان ،25 سالہ سمیع اللہ،18 سالہ ریاض ،30سالہ قدرت خان ، 25 سالہ حبیب سعید اور 20 سالہ عمر خان شامل ہیں،جاںبحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد مزدور پیشہ تھے اور سرائے کے طور استعمال ہونے والی عمارت میں یومیہ کرایہ ادا کر کے رہتے تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے، کمشنر کراچی کو زخمی ہونے والے افراد کے علاج کا فوری بندوبست کرنے کی حکم دیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہارکرتے ہوئے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ واضح رہے کہ اس اس سے قبل 10 ستمبر کو کورنگی کے علاقے اللہ والا ٹاؤن میں رہائشی عمارت زمین بوس ہوگئی تھی جس کے ملبے سے 5افراد کی لاشیں نکال لی گئی تھیں۔دوسری طرف سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی عمارت گرنے کے حادثے کو پڑوسی پلاٹ پر گہرا گڑھا کھودنے کا نتیجہ قرار دیا ہے