فیصلہ کن تحریک سے قبل نواز شریف کوواپس آنا ہوگا‘حافظ حسین

262

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) جمعیت علما اسلام کے مرکزی ترجمان اور سابق سینیٹرحافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ نواز شریف فوری طور پر وطن واپس آ ئیں ‘شریف خاندان کے اتحاد، مسلم لیگ ن کے اندر ہم آہنگی، فیصلہ کن تحریک، متحدہ اپوزیشن کی بقا اور موثر مشترکہ فیصلوں کے لیے یہ ضروری ہے‘ ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ لندن سے کسی ٹیلیفونک رابطے کے ذریعے مکمل نہیں ہوسکتا ۔ وہ اتوار کو اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں مختلف وفود اور صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ ہو یا موجودہ حکومت کے خلاف عملی تحریک اس کا فیصلہ لندن سے کسی ٹیلیفونک رابطے یا خط کے ذریعے اگر ممکن ہوسکتا تو اب تک یہ ہوچکا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اور ان کے پشتی بان دونوں یہ چاہتے ہیں کہ میاں نواز شریف ملک سے باہر اور خاموش رہیں ‘ انہی تمام حالات کے باعث اپوزیشن کسی متفقہ پروگرام کے حوالے سے کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ رہی اور مجوزہ اے پی سی اس حوالے سے آخری امید قرار دی جا رہی ہے‘ بعض اپوزیشن جماعتوں نے ’’میثاق جمہوریت‘‘ کے بجائے ’’میثاق مفاہمت‘‘ کو اہمیت دی تو یہ متحدہ اپوزیشن کے اتحاد کے لیے یہ آخری موقع ہوسکتا ہے۔