حمزہ شہباز کا کورونا ٹیسٹ مثبت، اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ

190

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) لیگی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا، 3 روز سے شدید بخار ہے، انہیں اسپتال منتقل کیا جائے۔ جیل حکام کا کہنا ہے کہ حمزہ کے کورونا ٹیسٹ کی حتمی رپورٹ نہیںملی.ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے ٹویٹر پیغام میں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حمزہ شہباز کے علاج کی تمام قانونی ذمے داریاں پوری کی جائیں، لاپرواہی سے صحت خطرے سے دوچار ہو سکتی ہے۔جیل حکام کا کہنا ہے کہ کوٹ لکھپت جیل میں حمزہ شہباز کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی حتمی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔ جونہی جیل حکام کو رپورٹ موصول ہو گی حمزہ شہباز کو قرنطینہ کر دیا جائے گا، نیب کے ملزم پہلے بھی بی کلاس میں رہتے ہیں۔دوسری جانب ن لیگ نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ پنجاب کو خط لکھا ہے جس میں قائدحزبِ اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو جیل سے اتفاق اسپتال منتقل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔مسلم لیگ (ن )کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عطا تارڑ نے محکمہ داخلہ پنجاب کے نام اپنے خط میں لکھا ہے کہ حمزہ شہباز کوٹ لکھپت جیل میں گزشتہ ہفتے سے کورونا کا شکار ہیں، ان کی میڈیکل ہسٹری اتفاق اسپتال میں موجود ہے۔خط میں کہا گیا کہ ڈاکٹر رضوان اختر ان کا اتفاق اسپتال میں بہترعلاج کرسکتے ہیںلہٰذا استدعا ہے کہ حمزہ شہبازکو میڈیکل ایمرجنسی کے باعث فوری اسپتال منتقل کیا جائے۔