تعلیمی ادارے کھولنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے ،ترجمان سندھ حکومت

159

کراچی (نمائندہ جسارت) سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے تعلیمی ادارے کھولنے کے حکومتی فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کر دی ہے۔ انہوں نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومت اسکولز خصوصاً پرائمری اسکول سیکشن کھولنے کے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔انہوں نے کہا کہ میں بطور والد سمجھتا ہوں کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث اب بھی صورت حال غیر یقینی ہے‘ چھوٹے بچے کورونا ایس او پیز پر عمل نہیں کر پائیں گے‘ اس لیے پرائمری اسکولز کھولنے کے وفاقی و صوبائی فیصلوں پر نظر ثانی کی جائے۔ دریں اثنا ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ اختیارات کا نہیں نیت کا ہے‘ ایم کیو ایم وفاقی حکومت کی اتحادی بھی ہے اور پھر ناامیدی بھی کرتی ہے‘ایم کیوایم پاکستان کو
وکٹ کے دونوں طرف نہیں کھیلنا چاہیے‘ کراچی کے عوام کی شکایت سے اتفاق کرتاہوں اور اعتراف کرتاہوں وہ ترقیاتی کام نہیں ہو سکے جو ہونے چاہیے تھے۔ ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ وزیر مینشن میں جب بھی پانی جمع ہوتا ہے تو مجھے دکھ ہوتا ہے‘ اس کے اطراف سیوریج کی لائن کبھی ڈالی ہی نہیں گئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کراچی میں ملیر ایکسپریس وے سمیت 3 منصوبوں کا افتتاح اگلے60 روز میں ہو جائے گا‘ کراچی میں مسائل ہیں لیکن میں الزام تراشیوں میں نہیں جانا چاہتا‘ کراچی کے تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر کام کریں تو بہتری آسکتی ہے‘ ماضی میں کراچی میں صرف سندھ حکومت نے سرمایہ کاری کی۔