وزیراعلیٰ سندھ کی مختلف ممالک کے قونصل جنرلز سے ملاقات

148

کراچی (نمائندہ جسارت) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی مختلف ممالک کے قونصل جنرلز سے ملاقات، سندھ میں سیلاب کی تباہ کاری سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر مراد علی شاہ نے کہا کہ کورونا کے حملے کم ہوئے تو بارشوں کا سامنا کر رہے ہیں، کورونا نے ملک بالخصوص سندھ میں بیروزگاری اور غربت میں اضافہ کیا، مدد کے منصوبے بنا رہے تھے کہ بارشوں کی تباہی آگئی، ہم
نے کورونا کیلیے بھی اہم اقدامات کیے، شہر بند ہوگئے، میرپورخاص، عمرکوٹ، سانگھڑ اور بدین میں خیمہ بستیاں قائم کی گئیں۔ ہم نے 20 اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا، بحالی کیلیے سندھ میں اربوں روپے کی ضرورت ہے، کراچی سمیت 20 اضلاع میں بحالی کے کام کی ضرورت ہے، وفاقی حکومت سے 4 لاکھ خاندانوں کو فی کس ایک لاکھ دینے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں بارشوں کے باعث حادثات میں 137 افراد انتقال کرگئے، صرف کراچی میں 64 لوگ جاں بحق ہوئے، سندھ میں 11 لاکھ ایکڑ کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں، 15 ہزار 233 دیہات شدید متاثر ہوئے، 77 ہزار 342 گھر گر گئے، مویشی بھی بڑی تعداد میں مرگئے، ایسے خاندانوں کی بحالی کیلیے مویشی بھی دینے ہوں گے۔