فیٹف کے اہداف کا حصول ‘ ایف بی آر کا خفیہ ونگ متحرک

414

اسلام آباد (صباح نیوز)فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف)کے اہداف کے حصول کے لیے ایف بی آر کے خفیہ ونگ کو متحرک کر دیا گیاہے،منی لانڈرنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے ٹیکس حکام کو خصوصی ایکشن کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انسداد منی لانڈرنگ کا خصوصی ایکشن پلان بھی تیار کیا گیاہے۔ ملک بھر میں منی لانڈرنگ کرنیوالوں کے خلاف
کارروائیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایف بی آر ذرائع نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ منی لانڈرنگ کرنے والوں کو 5 سے 10سال قید کی سزا ہو گی جبکہ جو رقم وصول کی جائے گی اس کے حساب سے جرمانہ بھی عاید کیا جائے گا۔ ایف بی آر ، انکم ٹیکس اور کسٹمز کے متعلقہ حکام کو اپنی اپنی حدود کے اندر منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ کسٹمز حکام ائرپورٹس اور ڈرائی پورٹس پر متحرک ہوں گے جبکہ انکم ٹیکس کا انٹیلی جنس ونگ بینکوں اور دیگر ذرائع سے ہونے والی منی لانڈرنگ کے معاملے کو دیکھے گا۔ تمام اقدامات ایف اے ٹی ایف کے اہداف کے حصول کیلیے کیے جارہے ہیں۔