اسلام آباد ہائیکورٹ‘ اسپورٹس بورڈ میں تعیناتی غیر قانونی قرار

254

اسلام آباد( آن لائن )اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے بھرتی کیے گئے ملازمین کی اسپورٹس بورڈ میں تعیناتیاں غیر قانونی قرار دے دی ۔ جسٹس اطہر من اللہ نے تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ۔
ہائیکورٹ نے کہاکہ اسپورٹس بورڈ میں بھرتیوں یا تعیناتی کا اختیار وزارت بین الصوبائی رابطے کے پاس نہیں،ہائی کورٹ نے اسپورٹس بورڈ کو وزارت کی جانب سے تعینات کیے گئے گریڈ1سے 19 تک کے10 ملازمین فارغ کرنے کا حکم دیا ۔ عدالت نے کہاکہ ملازمین کو پہلے بین الصوبائی رابطہ وزارت نے بھرتی کیا،بعد میں اسپورٹس بورڈ میں تعینات کردیا، ملازمین کی ابتدائی بھرتی بھی میرٹ پر تھی یا نہیں یہ معاملہ بھی تحقیق طلب ہے۔عدالت نے کہاکہ ملازمین کی اسپورٹس بورڈ سے فارغ ہونے کے بعد قانونی حیثیت کیا ہو گی یہ وفاقی حکومت فیصلہ کرے، میرٹ پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو سکتا، سفارش پر بھرتیوں کے کلچر کو ختم کرنا ہی ہو گا۔غیر قانونی بھرتیاں ہی اداروں کو کمزور کرتی اور کرپشن کی راہ ہموار کرتی ہیں، غیر قانونی بھرتیاں عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہیں۔عدالت نے کہاکہ اسپورٹس بورڈ کا کام نوجوانوں کو عالمی سطح پر اپنا ٹیلنٹ دکھانے کا موقع فراہم کرنا ہے ۔