بحری سرحدوں اور سمندری مفادات کا تحفظ ہر ممکن یقینی بنائیں گے ،نیول چیف

265

کراچی (نمائندہ جسارت)چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے گوادر اور اوماڑہ میں پاک بحریہ کی تنصیبات کا دورہ اور مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا۔گوادر آمد پر کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے نیول چیف کا استقبال کیا۔امیرالبحر نے گوادر میں جدید سہولیا ت سے آراستہ میرینز ٹریننگ سینٹر اورجناح نیول بیس اوماڑہ میں21 ویں ائر ڈیفنس بٹالین کے انفرا اسٹرکچر کا افتتاح کیا۔اس مواقع پر خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے زور دیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تناظر میں بالعموم ساحلی پٹی اور گوادر پورٹ کی اہمیت میں بالخصوص اضافہ ہوا ہے، سی پیک سے متعلقہ منصوبوں کی عملداری اورکامیابی کا فائدہ سمندری علاقے کی حفاظت کے ساتھ جڑا ہوا ہے اس سلسلے میں سمندری سرحدوں کے تحفظ کو یقینی بنانا پاک بحریہ کی
سب سے اہم ذمے داری ہے جس میں آنے والے دنوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ نیول چیف نے ملکی بحری سرحدوں اور سمندری مفادات کاہر قیمت پر تحفظ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر نیول چیف نے کوسٹل ایریاز میں تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے عزم و جذبے کو سراہا۔