پولیس کی مجرمانہ خاموشی، سکھر شہر بدامنی کی لپٹ میں

282

سکھر (نمائندہ جسارت) پولیس کی مجرمانہ خاموشی، شہر ایک بار پھر بدامنی کی لپٹ میں، نامعلوم چوروں نے سکھر میں ڈیرے ڈال دیے، صحافی و مسجد کا مؤذن موبائل فون سے محروم، شہری حلقوں میں تشویش کی لہر، ایس ایس پی سکھر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ سکھر پولیس کی نامعلوم چوروں کیخلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے کی بنا پر سکھر شہر میں ایک بار پھر بدامنی کی فضاء پھیل گئی، شہر کے مختلف تھانوں کی حدود سے موٹر سائیکل، کار، موبائل فون چوری ہونا روز کا معمول بنتا جارہا ہے۔ گزشتہ روز نامعلوم مسلح چور مینارہ روڈ نزد مکی مسجد کے قریب سے دفتر سے گھر جانے والے صحافی عبید اللہ شیخ سے اسلحے کے زور پر ان کا قیمتی موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ کر لے گئے جبکہ دوسری جانب نامعلوم چور نے سکھر کے علاقے مینارہ روڈ پر قائم شاہ فیصل مسجد کے مؤذن حاجی کو فاتحہ کرانے کا کہہ کے ٹکر محلہ لے جا کر ان کا فون لینے کے بعد رفو چکر ہوگیا۔ شہر میں چوری، ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شہری حلقوں سمیت سکھر کے شہریوں، تاجر تنظیموں میں عدم تحفظ کی لہر دوڑ گئی ہے اور شہری حلقوں کی جانب سے سکھر پولیس کی کارکردگی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ایس ایس پی سکھر و دیگر بالا حکام سے نوٹس لے کر شہریوں کو ہر ممکن تحفظ فراہمی سمیت نامعلوم چوروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔