میرپور خاص، شاخیں بند ہونے سے پینے کے پانی کا بحران

216

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) شاخیں بند ہونے کی وجہ سے میرپور خاص میں پینے کے پانی کا بحران پیدا ہوگیا، ایک دن کے وقفے سے دو سے تین گھنٹے پانی فراہم کیا جارہا ہے، شہری پانی کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں، بارشوں کی وجہ سے محکمہ آبپاشی نے نارا کینال سے نکلنے والی تمام نہریں بند کردی تھیں۔ محکمہ موسمیات کی شدید بارشوں کی پیشنگوئی کے بعد سیلابی صوتحال سے بچنے کے لیے محکمہ آبپاشی نے نارا کینال کو بند کردیا تھا، جس کی وجہ سے نارا کینال سے نکلنے والی شاخیں بھی بند ہوگئی تھیں اور ان شاخوں سے تمام واٹر سپلائی اسکیموں کو پانی کی سپلائی بھی بند ہوگئی تھی، جس کے بعد محکمہ پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پینے کے پانی کا شیڈول جاری کیا گیا تھا۔ رابطہ کرنے پر محکمہ پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے سب انجینئر صدام مری نے بتایا کہ شاخیں بند ہونے کی وجہ سے واٹر سپلائی کے تالابوں میں پانی کا ذخیرہ کم ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے محکمہ پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ایک دن کے وقفے سے دو سے تین گھنٹے تک پانی کی سپلائی کی جارہی ہے۔ شہری پانی کی تلاش میں برتن اٹھائے مارے مارے پھررہے ہیں اور پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں نے حکام بالا سے اپیل کی کہ اب بارشوں کا سلسلہ تھم چکا ہے اور اب شاخیں کھول کر واٹر سپلائی کی اسکیموں کو پانی فراہم کیا جائے تاکہ شہریوں کو پینے کا پانی میسر ہوسکے۔