بدین،مچھلی مارکیٹ کی 28 دکانیں بااثر افراد کے حوالے

108

بدین (نمائندہ جسارت) میونسپل کمیٹی بدین کے افسران نے بھاری رشوت کے عوض بدین شہر کے تجارتی مرکز قائد اعظم روڈ پر کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی مچھلی مارکیٹ کی 28 دکانیں مرزا گروپ کے کونسلر سمیت بدین کے چار بااثر افرد کو غیرقانونی طریقے سے 12 سو روپے ماہانہ کرایے پر دے دیں۔ میونسپل کمیٹی بدین کے اور محکمہ بلدیہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ مذکورہ مارکیٹ کی دکانیں صرف مچھلی فروشوں کو الاٹ کرنی ہیں تاکہ شہر کی مین سڑکوں اور چوکوں پر قائم غیرقانونی مچھلی کے ٹھیے ختم ہوجائیں اور وہ مچھلی مارکیٹ میں شفٹ ہوجائیں لیکن میونسپل کمیٹی بدین کے کرپٹ افسران نے شہر کے چار بااثر تاجروں سے بھاری رشوت لے کر ان کو مچھلی مارکیٹ کی فی دکان 1200 روپے ماہانہ کرایے پر دے دیں۔ جنہوں نے مچھلی مارکیٹ کی دکانوں کو گودام بنا لیا ہے جبکہ اس روڈ پر عام دکان کا کرایہ 15 ہزار سے 25 ہزار روپے ماہانہ اور لاکھوں روپے پگڑی وصول کی جاتی ہے۔ میونسپل کمیٹی بدین کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ چیف میونسپل افسر یا ایڈمنسٹریٹر کو بلدیہ کی دکانیں، پلاٹ وغیرہ اس طریقے سے کرایے پر دینے یا لیز کرنے کا اختیار نہیں ہے بلکہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کے قانون کے تحت دکانیں، پلاٹ کو لیز کرنے یا کرایے پر دینے کے لیے اخبارات میں اشتہارات کے ذریعے شہریوں سے بولیاں درپیش ہوتی ہیں اور زیادہ بولی دینے والے شہری کو دکان یا پلاٹ الاٹ کیے جاتے ہیں لیکن مذکورہ سی ایم او، ایڈ منسٹریٹر یا ٹیکسیشن افسر جو خود انتہائی بااثر ہیں نے قانون کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔